Monday, July 06, 2026
 

صرف امریکا پر انحصار نہیں کرتے بھارت جیسے کئی ممالک ہمارے دوست ہیں؛ اسرائیل

 



اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا ہے کہ اسرائیل کے تعلقات صرف امریکا کے ساتھ محدود نہیں بلکہ دنیا کے کئی ممالک اس کے قریبی شراکت دار ہیں جن میں بھارت بھی شامل ہے۔ امریکی نشریاتی ادارے فاکس نیوز کو انٹرویو میں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کا یہ بھی کہنا تھا کہ مودی حکومت کے ساتھ ساتھ بھارتی عوام کی بڑی تعداد بھی اسرائیل کی حمایت کرتی ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم نے اس بات کی تصدیق کی کہ امریکی نائب صدر جے ڈی وینس نے جون میں مجھے مشورہ دیا تھا کہ عوامی سطح پر امریکا اور صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر تنقید سے گریز کریں۔ نیتن یاہو نے بقول جے ڈی وینس کو جواب بتایا کہ اگرچہ امریکا اسرائیل کا اہم اتحادی ہے تاہم اسرائیل کے دیگر مضبوط دوست بھی موجود ہیں اور وہ کسی ایک ملک پر مکمل انحصار نہیں کرتا۔ اسرائیلی وزیراعظم نے مزید کہا کہ بھارت ہمارے اہم دوستوں میں شامل ہے۔ ایک ارب 40 کروڑ آبادی والے اس ملک سے مجھے سوشل میڈیا پر مسلسل حمایت کے پیغامات موصول ہوتے ہیں جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہاں اسرائیل کے لیے عوامی حمایت موجود ہے۔ نیتن یاہو نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ بعض ممالک میں اسرائیل پر تنقید کرنا ایک رجحان یا فیشن بن گیا ہے۔ جس کی بڑی وجہ عالمی میڈیا کی اسرائیل کے حوالے سے منفی کوریج ہے جس نے عوامی رائے کو متاثر کیا ہے۔ اسرائیلی وزیراعظم کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی کے بعد مستقل امن کے لیے سفارتی رابطے جاری ہیں جبکہ اسرائیل کی لبنان میں جاری فوجی کارروائیاں بھی خطے کی کشیدگی میں اضافے کا سبب بنی ہوئی ہیں۔ اسی دوران امریکا کی جانب سے بھی اسرائیل کی بعض پالیسیوں پر نسبتاً سخت مؤقف دیکھنے میں آیا ہے۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل