Monday, July 13, 2026
 

پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم ہیں، وزیر پیٹرولیم

 



وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، مقامی ڈیزل کی پیداوار بڑھانے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق پیٹرولیم نرخوں کے تعین کے نظام میں اصلاحات کے لیے وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی کا اہم اجلاس وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ اعلامیے کے مطابق عالمی مارکیٹ کے تناظر میں پیٹرولیم قیمتوں کے تعین کے مختلف طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا، کمیٹی نے سفارش کی کہ اوگرا روزانہ پیلاٹس (platts) قیمتوں کا ڈیٹا ویب سائٹ پر جاری کرے تاکہ عوام کو قیمتوں کے تعین کا بینچ مارک معلوم ہو۔ اجلاس میں پیٹرولیم پرائس اسٹیبلائزیشن فنڈ کو قواعد پر مبنی، شفاف اور صوابدیدی فیصلوں سے پاک نظام کے تحت چلانے پر اتفاق کیا گیا، تیل کی سپلائی چین کی ڈیجیٹلائزیشن پر تمام اراکین کا اتفاق ہوا اور شفافیت بڑھانے پر زور دیا گیا۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا کہ آبنائے ہرمز کی دوبارہ بندش سے عالمی توانائی منڈیوں میں غیر یقینی صورتحال پیدا ہوئی، کمیٹی کی ذمہ داری مزید اہم ہو گئی، کے پی ایم جی سٹڈی کے مطابق پاکستان میں پیٹرول کی قیمتیں بنگلہ دیش، سری لنکا اور ترکیہ سے کم جبکہ بھارت کے تقریباً برابر ہیں، مقامی ڈیزل پیداوار بڑھانے اور درآمدی ڈیزل پر انحصار کم کرنے کے لیے ریفائنری پالیسی میں ترامیم تجویز کر دی ہیں۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ مقامی ڈیزل پیداوار میں اضافہ پاکستان کی توانائی سلامتی کو مزید مضبوط بنائے گا، پیٹرولیم پرائسنگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس حتمی ہوگا جس کے بعد سفارشات وزیراعظم کو پیش کی جائیں گی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل