Monday, July 13, 2026
 

لاہور، دبئی سے چھٹیاں گزارنے کیلیے آنے والی 9 سالہ بچی سوئمنگ پول کے کھلے مین ہول میں گرکر جاں بحق

 



لاہور کے علاقے باٹا پور میں قائم نجی پارک کے سوئمنگ پول میں دبئی سے آنے والی بچی سوئمنگ پول میں بنے کھلے مین ہول میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئی۔ ایکپسپریس نیوز کے مطابق تھانہ باٹا پور میں واقع سوئمنگ پول میں 9 سالہ رامین فاطمہ نامی بچی اپنے گھر والوں کے ساتھ پکنک پر آئی اور پھر ڈوب گئی۔  اہل خانہ نے بچی کو تلاش کیا مگر وہ نہ ملی جس کے تھوڑی دیر بعد بچی کی لاش مین ہول سے برآمد ہوئی۔ ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے سوئمنگ پول کے پانی کی نکاسی کیلیے اندر ہی مین ہول بنایا ہے جو کھلا ہوا تھا اور بچی اُس میں ڈوب گئی۔ متوفیہ کے ماموں سعد نے بتایا کہ رامین دو سال قبل اپنے والدین کے ساتھ دبئی شفٹ ہوگئی تھی اور وہ چھٹیاں گزارنے مصری شاہ میں نانی کے گھر آئی تھی۔ ریسکیو حکام نے واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد بچی کی لاش کو تلاش کر کے ضابطے کی کارروائی کیلیے اسپتال منتقل کیا جبکہ پولیس نے واٹرپارک سے تین ذمہ داران کو گرفتار کرلیا۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے بتایا کہ حادثہ مین ڈرین ہول پر جالی نہ لگنے سے  پیش آیا، واقعہ میں غفلت اور ذمہ داری کے تعین کے لیے پولیس کی تفتیش جاری ہے جبکہ والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کر کے تین افراد کو گرفتار کرلیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان میں مینیجر واٹر پارک ثناء اللہ، سکیورٹی انچارج نوید اور انچارج سی سی ٹی وی کیمرہ آصف شامل ہیں جبکہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے اور تفتیش تمام پہلوؤں سے جاری ہے۔  ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا کہ واقعہ میں غفلت یا کوتاہی کے مرتکب کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔ بچی کی موت کے ذمہ دار عناصر کو قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ لاہور پولیس متاثرہ خاندان کو انصاف کی فراہمی کے لیے تمام قانونی تقاضے پورے کرے گی۔ اُدھر بچی کی موت کا صدمہ اہل خانہ پر پہاڑ بن کر ٹوٹا جبکہ والد بھی دبئی سے لاہور کیلیے روانہ ہوگئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل