Monday, July 13, 2026
 

حکومت کا سوئی ناردرن گیس کمپنی کا 50 ارب روپے کا بڑا ریلیف

 



وفاقی حکومت نے گیس سیکٹر کے گردشی قرضوں اور مالی دباؤ کے تناظر میں ایس این جی پی ایل کو ریلیف دیتے ہوئے 50 ارب روپے کے قرض پر دی گئی خودمختار گارنٹی کی مدت 30 جون 2027 تک بڑھانے کی منظوری دیدی ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اس اقدام کی منظوری دیتے ہوئے گیس کی بلا تعطل فراہمی اور مالی استحکام کو یقینی بنانے کے حکومتی عزم کا اعادہ کیا ہے۔ ذرائع کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی نے سوئی ناردرن گیس پائپ لائنز لمیٹڈ، ایس این جی پی ایل، کی مالی مشکلات کے پیش نظر 50 ارب روپے کے قرض پر وفاقی حکومت کی خودمختار گارنٹی کی مدت 30 جون 2027 تک بڑھانے کی منظوری دے دی۔ ایس این جی پی ایل نے مذکورہ قرض کی ری فنانسنگ میزان بینک سے حاصل کی ہے جہاں بینک نے تین ماہ کائیبور منفی 30 بیسس پوائنٹس کی بنیاد پر فنانسنگ کی پیشکش کی، جس سے کمپنی کو سالانہ تقریباً 15 کروڑ روپے کی بچت متوقع ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ قرض کی اصل رقم اور منافع کی ادائیگی کی مکمل ذمہ داری ایس این جی پی ایل پر ہی برقرار رہے گی جبکہ حکومتی گارنٹی صرف قرض کے تحفظ کے لیے مؤثر رہے گی۔ ذرائع کے مطابق دسمبر 2025 تک ایس این جی پی ایل کے واجبات بڑھ کر ایک اعشاریہ صفر نو پانچ کھرب روپے تک پہنچ چکے تھے جبکہ تاخیر سے ادائیگی کا سرچارج 931 ارب روپے ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق گیس سیکٹر کے گردشی قرضے کے خاتمے کے لیے تیار کردہ سرکلر ڈیٹ مینجمنٹ پلان پہلے ہی آئی ایم ایف کے ساتھ شیئر کیا جا چکا ہےجس پر مالی سال 2026-27 کے دوران عمل درآمد متوقع ہے۔ حکومت کا کہنا ہے کہ گارنٹی میں توسیع کا مقصد گیس کی بلا تعطل فراہمی برقرار رکھنا اور گیس سیکٹر کے مالی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل