Saturday, July 18, 2026
 

لاہور: خراب سینڈوچ واپس کرنے پر بیکری ملازمین کا خاتون پر مبینہ تشدد، بیکری منیجر گرفتار

 



لاہور کے علاقے گلشن راوی میں ایک بیکری پر خراب سینڈوچ واپس کرنے پر خاتون سے مبینہ تشدد کے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا جبکہ پولیس نے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا۔ پولیس کے مطابق متاثرہ خاتون انعم کے بیان پر بیکری کے منیجر بلال سمیت دیگر افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ مدعیہ کے مطابق وہ خراب سینڈوچ واپس کرنے بیکری گئی تھیں، تاہم ملازمین نے سینڈوچ واپس لینے سے انکار کر دیا۔ خاتون کا کہنا ہے کہ احتجاج کرنے پر ملزمان نے ان سے بدتمیزی کی، گالیاں دیں، کپڑے پھاڑ دیے اور انہیں تھپڑ بھی مارے۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی ہے جس میں بیکری ملازم اور خاتون کے درمیان جھگڑا دیکھا جا سکتا ہے۔ پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ واقعے کی مختلف پہلوؤں سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس پی اقبال ٹاؤن ڈویژن سدرہ خان کا کہنا ہے کہ واقعے کی قانونی کارروائی جاری ہے اور تمام شواہد کی روشنی میں تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ دوسری جانب ڈی آئی جی آپریشنز لاہور فیصل کامران نے کہا ہے کہ خواتین پر تشدد کرنے والے عناصر کسی رعایت کے مستحق نہیں، قانون کے مطابق ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔  

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل