Loading
مکہ مکرمہ: سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے اعلان کیا ہے کہ رواں عمرہ سیزن کے آغاز سے اب تک عمرہ زائرین کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جبکہ مختلف ممالک سے آنے والے معتمرین میں پاکستانی زائرین کی تعداد سب سے زیادہ رہی۔
وزارتِ حج و عمرہ کے مطابق رواں سال حج کے اختتام کے بعد 15 ذوالحج 1448 ہجری سے عمرہ سیزن کا باقاعدہ آغاز ہوا۔ سیزن کے پہلے ڈیڑھ ماہ، یعنی 29 محرم 1448 ہجری تک، 9 لاکھ سے زائد زائرین عمرہ کی سعادت حاصل کر چکے ہیں۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق پاکستان سے تقریباً 2 لاکھ افراد عمرہ ادا کرنے کے لیے سعودی عرب پہنچے، جو تمام ممالک میں سب سے زیادہ تعداد ہے۔ اس کے بعد انڈونیشیا سے تقریباً 1 لاکھ 70 ہزار اور عراق سے 1 لاکھ 30 ہزار معتمرین سعودی عرب آئے۔
سعودی حکام نے بتایا کہ عمرہ ویزوں کا اجرا 31 مئی 2026 سے شروع کیا گیا تھا۔ عمرہ ویزے کے اجرا کی آخری تاریخ یکم شوال 1448 ہجری (9 مارچ 2027) مقرر کی گئی ہے، جبکہ زائرین کے سعودی عرب میں داخلے کی آخری تاریخ 15 شوال 1448 ہجری (23 مارچ 2027) ہوگی۔
وزارت کے مطابق عمرہ زائرین کی سعودی عرب سے واپسی کی آخری تاریخ 30 شوال 1448 ہجری (7 اپریل 2027) مقرر کی گئی ہے۔
سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے تمام معتمرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ بروقت رجسٹریشن، ویزہ اور دیگر سفری دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ عمرہ کی ادائیگی کے دوران کسی قسم کی دشواری پیش نہ آئے۔
دوسری جانب پاکستان میں بھی آئندہ حج کے لیے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔ وزارتِ مذہبی امور کے مطابق اب تک 3 لاکھ 40 ہزار سے زائد افراد آن لائن رجسٹریشن کرا چکے ہیں۔ ان میں 2 لاکھ 46 ہزار افراد نے سرکاری حج اسکیم جبکہ 94 ہزار افراد نے نجی حج اسکیم کا انتخاب کیا ہے۔
وزارتِ مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق حج اخراجات کی آن لائن وصولی کا شیڈول جلد جاری کیا جائے گا۔ رجسٹرڈ عازمین کو مزید معلومات اور رہنمائی کے لیے "پاک حج" ایپ یا وزارت کی حج ہیلپ لائنز سے رابطہ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل