Loading
سندھ کے علاقے ہالا میں اڈیرو لال کے قریب واہاں شاہ ریلوے اسٹیشن کے نزدیک مال گاڑی کے کئی ڈبے پٹری سے اتر جانے کے باعث ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا جس کے بعد اپ اور ڈاؤن دونوں ٹریکس پر ٹرینوں کی آمدورفت تاحال معطل ہے۔
ذرائع کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریلوے حکام اور امدادی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور متاثرہ بوگیوں کو ہٹانے کے ساتھ ٹریک کی بحالی کا کام شروع کر دیا گیا۔
تاہم رات کے وقت روشنی ناکافی ہونے کے باعث مرمتی سرگرمیاں عارضی طور پر روک دی گئی تھیں۔
صبح اجالا ہوتے ہی بحالی اور مرمت کا کام دوبارہ تیز رفتاری سے شروع کر دیا گیا۔ ریلوے انجینئرنگ ٹیمیں بھاری مشینری کی مدد سے پٹری سے اترنے والی بوگیوں کو ہٹانے اور متاثرہ ریلوے ٹریک کی بحالی میں مصروف ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حادثے کے باعث ریلوے ٹریک کا بڑا حصہ متاثر ہوا ہے جس کی وجہ سے اپ اور ڈاؤن لائن پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال ہونے میں مزید وقت لگ سکتا ہے۔
ریلوے حکام صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہے ہیں اور ٹریک کو جلد از جلد محفوظ بنا کر ٹریفک بحال کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل