Monday, July 27, 2026
 

پینٹاگون کی فہرست سے ایران جنگ میں ہلاک 4 امریکی فوجی غائب، نئی رپورٹ نے تہلکہ مچا دیا

 



واشنگٹن: امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس نے اپنی ایک رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان حالیہ لڑائی کے دوران ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کے نام اب پینٹاگون کی سرکاری جنگی ہلاکتوں کی فہرست میں شامل نہیں رہے۔ رپورٹ کے مطابق امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) کے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم، جسے جنگ میں ہلاک اور زخمی فوجیوں کے سرکاری اعداد و شمار کا مستند ذریعہ سمجھا جاتا ہے، اس نے گزشتہ ہفتے ان چار فوجیوں اور درجنوں زخمی اہلکاروں کو جنگی ہلاکتوں اور زخمیوں کی فہرست سے ہٹا دیا۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق بعد ازاں اسی نظام میں ’اوورسیز آپریشنز’ کے نام سے ایک نئی کیٹیگری شامل کی گئی، جس میں ان چار امریکی فوجیوں کے نام درج کیے گئے ہیں۔ اسی نئی فہرست میں 207 زخمی اہلکاروں کا بھی ذکر موجود ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ یہ واضح نہیں کیا گیا کہ 207 زخمی اہلکاروں میں سے تمام افراد ایران سے متعلق حالیہ فوجی کارروائیوں کے دوران زخمی ہوئے تھے یا ان میں دیگر بیرونِ ملک فوجی آپریشنز کے متاثرین بھی شامل ہیں۔ ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق پینٹاگون کی جانب سے اس تبدیلی کی تفصیلی وضاحت سامنے نہیں آئی، جس کے باعث یہ سوالات اٹھ رہے ہیں کہ جنگی ہلاکتوں اور زخمیوں کے سرکاری اعداد و شمار کو نئی درجہ بندی میں کیوں منتقل کیا گیا۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی نقصانات کی سرکاری درجہ بندی میں ایسی تبدیلیاں شفافیت اور عوامی اعتماد کے حوالے سے اہم بحث کو جنم دے سکتی ہیں، خصوصاً ایسے وقت میں جب مشرقِ وسطیٰ میں امریکا کی فوجی سرگرمیوں پر عالمی توجہ مرکوز ہے۔ تاحال امریکی محکمہ دفاع نے اس معاملے پر باضابطہ طور پر مزید تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل