Loading
کوہاٹ تھانہ استرزئی کے علاقے شیرکوٹ میں خیرات کا کھانا کھانے سے 26 خواتین کی حالت غیر ہوگئی۔
پولیس کے مطابق گزشتہ رات عصمت علی کی بیٹی کے انتقال پر ایصالِ ثواب کے لیے خیرات کا اہتمام کیا گیا تھا۔ کھانا کھانے کے کچھ دیر بعد خواتین کی طبیعت اچانک خراب ہو گئی جنہیں فوری طور پر مختلف اسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خواتین میں سے ایک خاتون جاں بحق ہو گئی جبکہ ایک کو تشویشناک حالت میں پشاور منتقل کیا گیا، دیگر متاثرین کو بھی طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور مقدمہ درج کر کے ہر پہلو سے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ ابتدائی طور پر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ کھانے میں کوئی زہریلا مادہ شامل ہو گیا تھا۔
پولیس نے جس گھر میں کھانا تیار کیا گیا اس کے مالک کو حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی ہے، جبکہ کھانے کے نمونے فرانزک تجزیے کے لیے بھجوا دیے گئے ہیں۔
ایس پی سی ٹی کوہاٹ خالد محمود اور متعلقہ ایس ایچ او بھی اسپتال پہنچ گئے، پولیس کے مطابق فرانزک رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں حقائق سامنے لائے جائیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل