Monday, July 27, 2026
 

کوئٹہ میں ٹریفک مسائل کے مستقل حل کیلیے اے آئی بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ

 



وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی زیر صدارت ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں بڑھتے ہوئے ٹریفک مسائل کے مستقل حل کے لیے جدید اے آئی (مصنوعی ذہانت) بیسڈ ٹریفک سگنلز نصب کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ اجلاس میں شہر میں جدید ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ کی حکمت عملی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے دباؤ پر قابو پانے کے لیے مصنوعی ذہانت پر مبنی جدید ٹریفک سگنلز کو فعال کیا جائے گا، جس سے ٹریفک کے بہاؤ کو مؤثر انداز میں منظم کرنے میں مدد ملے گی۔ وزیراعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے ہدایت کی کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ٹریفک کے بہاؤ کو بہتر بنا کر شہریوں کو محفوظ، منظم اور بہتر سفری سہولیات فراہم کی جائیں۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو مؤثر، پائیدار اور جدید ٹریفک نظام کے قیام کے لیے مربوط اقدامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ شہریوں کی سہولت اور محفوظ ٹریفک نظام حکومت بلوچستان کی اولین ترجیح ہے، جبکہ ٹریفک کے مسائل کا جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے حل حکومت کے اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اے آئی بیسڈ ٹریفک مینجمنٹ سسٹم کے نفاذ سے سفر کا دورانیہ کم ہوگا، سڑکوں پر نظم و ضبط، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو فروغ ملے گا اور شہریوں کو بہتر سفری سہولیات میسر آئیں گی۔ میر سرفراز بگٹی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ کوئٹہ کو جدید شہری سہولیات سے آراستہ کرنا حکومت بلوچستان کی ترجیحات میں شامل ہے اور ٹیکنالوجی پر مبنی فیصلوں کے ذریعے عوام کو محفوظ، منظم اور سہل سفری ماحول فراہم کیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل