Monday, July 27, 2026
 

سرکاری فلموں کےلیے 50 لاکھ روپے معاوضہ، میرا کا ایک اور شوشہ

 



پاکستانی فلم انڈسٹری کی معروف اداکارہ میرا نے اپنے معاوضے سے متعلق ایک دلچسپ مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وہ سرکاری سرپرستی یا حکومتی فنڈز سے بننے والی کسی فلم میں کام کریں تو ان کا معاوضہ 50 لاکھ روپے ہونا چاہیے۔ ان کے اس بیان نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی ہے۔ ایک حالیہ انٹرویو میں گفتگو کرتے ہوئے میرا نے کہا کہ اگر کسی وجہ سے حکومت ان کا معاوضہ نقد ادا نہ کرسکے تو اس کے متبادل کے طور پر انہیں ایک یا دو سنیما گھروں کی ملکیت بھی دی جا سکتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس طرح کا اقدام نہ صرف ان کے لیے فائدہ مند ہوگا بلکہ فلمی صنعت کو بھی تقویت ملے گی۔ اداکارہ نے اس موقع پر زور دیا کہ پاکستان کی فلم انڈسٹری کو دوبارہ عروج پر لانے کے لیے صرف فلمیں بنانا کافی نہیں، بلکہ اس شعبے میں سرمایہ کاری، جدید انفرااسٹرکچر اور سنیما گھروں کی تعداد میں اضافہ بھی ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق سنیما انڈسٹری کی ترقی کے بغیر فلمی شعبہ اپنی حقیقی صلاحیت حاصل نہیں کر سکتا۔         View this post on Instagram                       میرا کا کہنا تھا کہ اگر حکومت فلمی صنعت کو مضبوط بنانا چاہتی ہے تو اسے ایسے منصوبوں پر توجہ دینی ہوگی جو فلم سازی کے ساتھ ساتھ نمائش کے نظام کو بھی بہتر بنائیں، کیونکہ سنیما گھر کسی بھی فلمی صنعت کی کامیابی میں بنیادی کردار ادا کرتے ہیں۔ اداکارہ کے انٹرویو کا مختصر ویڈیو کلپ سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو گیا، جس کے بعد صارفین کی جانب سے ملا جلا ردعمل سامنے آیا۔ بعض افراد نے میرا کے مؤقف کو فلمی صنعت کی بہتری سے جوڑ کر دیکھا، جبکہ کچھ صارفین نے ان کے معاوضے اور سنیما گھروں سے متعلق تجویز پر حیرت کا اظہار کرتے ہوئے مختلف تبصرے کیے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل