Thursday, July 30, 2026
 

راولپنڈی، مقابلے میں ہلاک اشتہاری ضرگام کے گھر سے تاوان کے لیے اغوا کی گئی خاتون بازیاب

 



ہری پور میں سی سی ڈی کے ساتھ مبینہ مقابلے میں ہلاک ہونے والے خطرناک اشتہاری ملزم ضرگام کی تفتیش میں اہم پیش رفت سامنے آئی ہے۔ سی سی ڈی نے ملزم کے سٹی اٹک میں واقع دوسرے گھر پر کارروائی کرتے ہوئے 28 سالہ اغوا شدہ خاتون کو بحفاظت بازیاب کرا لیا۔ سی سی ڈی کے مطابق بازیاب ہونے والی خاتون مثال ضمیر کو 14 جولائی کو اغوا کیا گیا تھا جبکہ اغوا کاروں نے اس کے والدین سے رہائی کے بدلے 5 کروڑ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا۔ حکام کا کہنا ہے کہ خاتون کے اغوا سے متعلق اہم معلومات ہلاک ملزم ضرگام کے اہل خانہ نے دورانِ تفتیش فراہم کیں، جس کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے مغویہ کو بازیاب کرایا گیا۔ یاد رہے کہ خطرناک اشتہاری ملزم ضرگام بدھ کی شام ہری پور میں سی سی ڈی اٹک کی کارروائی کے دوران مارا گیا تھا۔ سی سی ڈی کے مطابق ملزم نے گرفتاری سے بچنے کے لیے پولیس ٹیم پر جدید ہتھیاروں سے تقریباً اڑھائی گھنٹے تک شدید فائرنگ کی جس کے بعد جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہوگیا۔ سی سی ڈی کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے کے دوران ملزم کا والد انعام اللہ بھی گولی لگنے سے ہلاک ہوگیا تھا۔ حکام کے مطابق واقعے کے مختلف پہلوؤں پر مزید تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل