Loading
آبنائے ہرمز کے قریب عمان کے ساحل کے نزدیک ایک مال بردار جہاز نامعلوم پروجیکٹائل حملے کا نشانہ بن گیا جس کے بعد عملے کو جہاز چھوڑنا پڑا جبکہ ایک اہلکار لاپتا ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق جس تجارتی جہاز کو نشانہ بنایا گیا اس پر لائبیریا کا پرچم لہرا رہا تھا اور وہ بلک کیریئر "منوآن پائنیئر" پر آبنائے ہرمز سے گزر رہا تھا۔
میری ٹائم سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حملے سے جہاز کو شدید نقصان پہنچا اور عملے نے جہاز سے چھلانگ لگا کر اپنی جانیں بچائیں۔
برطانوی میری ٹائم رسک مینجمنٹ گروپ وین گارڈ کے مطابق نامعلوم پروجیکٹائل جہاز کے انجن روم سے ٹکرایا جس کے نتیجے میں عملے کے رہائشی حصے میں آگ بھڑک اٹھی تھی۔
پہلے تو عملے نے آگ بجھانے کی کوشش کی لیکن ناکامی کی صورت میں انخلا پر مجبور ہوئے۔ جہاز کا تھرڈ انجینئر لاپتا ہے جس کی تلاش جاری ہے۔
واقعے کے بعد خطے میں کام کرنے والے میری ٹائم سکیورٹی اداروں نے قریبی جہازوں کو محتاط رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے جبکہ امدادی اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیمیں متاثرہ جہاز کی مدد کے لیے روانہ کر دی گئی ہیں۔
خیال رہے کہ حالیہ ہفتوں میں آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں تجارتی جہازوں پر حملوں کے متعدد واقعات پیش آ چکے ہیں، جس کے باعث عالمی شپنگ کمپنیوں اور توانائی کی منڈیوں میں تشویش بڑھ گئی ہے۔
آبنائے ہرمز دنیا کا تقریباً 20 فیصد تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل کا اہم راستہ سمجھی جاتی ہے اس لیے یہاں کسی بھی حملے کے عالمی تجارت اور تیل کی قیمتوں پر فوری اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل