Loading
کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے پی ٹی وی کے لیے ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ کی منظوری دے دی، پی ٹی وی کو ہر سہ ماہی 3 ارب 25 کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے، کابینہ نے سیالکوٹ (سمبڑیال) تا کھاریاں موٹروے منصوبے کے لیے 27 ارب 62 کروڑ روپے کی سوورن گارنٹیز کی منظوری دے دی ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کے اجلاس میں سرکاری شعبے کی مالی معاونت سے متعلق اہم فیصلوں کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن (پی ٹی وی سی) کے لیے مالی سال 2026-27 کے دوران ٹیکنیکل سپلیمنٹری گرانٹ (ٹی ایس جی) کے اجرا سے متعلق سمری پر غور کیا گیا۔
ای سی سی نے تفصیلی غور کے بعد پی ٹی وی سی کے آپریشنل اور ضروری اخراجات پورے کرنے کے لیے سہ ماہی بنیادوں پر ہر سہ ماہی میں 3 ارب 25 کروڑ روپے کےفنڈز جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
کمیٹی نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کو ہدایت دی کہ دو ماہ کے اندر پی ٹی وی سی کی مالی خود کفالت سے متعلق جامع منصوبے کے ساتھ یہ معاملہ دوبارہ ای سی سی کے سامنے پیش کیا جائے۔
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے وزارتِ مواصلات کی جانب سے پیش کی گئی ایک اور سمری پر غور کرتے ہوئے سیالکوٹ (سمبڑیال) تا کھاریاں موٹروے (ایم-12) منصوبے کی تعمیر کے لیے بلڈ آپریٹ اینڈ ٹرانسفر (بی او ٹی) کی بنیادوں پر 27 ارب 62 کروڑ روپے مالیت کی خودمختار ضمانتیں (سوورن گارنٹیز) جاری کرنے کی منظوری دے دی۔
اجلاس میں اس منصوبے کے لیے پہلے سے جاری 6 ارب 94 کروڑ 40 لاکھ روپے کے آپریشنل وی جی ایف کو رول اوور کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ ان ضمانتوں سے رعایت یافتہ کمپنی کو منظور شدہ نئے مالیاتی ڈھانچے کے مطابق پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) منصوبے کی مالی تکمیل میں سہولت حاصل ہوگی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل