Loading
اٹلی کے شہر میلان کے لیناتے ایئرپورٹ پر ایک عجیب و غریب حادثے میں فیاٹ پانڈا گاڑی بے قابو ہوکر نجی طیارے سے جا ٹکرائی، جس کے نتیجے میں طیارے کے اگلے حصے کو نقصان پہنچا جبکہ ایئرپورٹ پر فضائی آپریشن بھی عارضی طور پر متاثر ہوا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثہ پیر کی صبح تقریباً 11 بج کر 20 منٹ پر پیش آیا۔ گراؤنڈ سروس میں استعمال ہونے والی فیاٹ پانڈا گاڑی اچانک بے قابو ہوئی اور ایئرپورٹ پر موجود ہاکر بیچ کرافٹ 400 اے نجی طیارے کے اگلے حصے سے جا ٹکرائی۔
تصادم کے نتیجے میں نجی طیارے کے ریڈار ڈوم اور ناک کے حصے کو نقصان پہنچا۔ حادثے کے فوراً بعد ایئرپورٹ کے امدادی اور سیکیورٹی اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور گاڑی سمیت طیارے کا تفصیلی معائنہ شروع کردیا۔
حکام کے مطابق خوش قسمتی سے حادثے میں کسی شخص کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔ تاہم طیارے کو پہنچنے والے نقصان کے باعث ایئرپورٹ کی سرگرمیوں پر کچھ دیر کے لیے اثر پڑا۔
حادثے کے بعد لیناتے ایئرپورٹ پر تقریباً 30 منٹ تک فضائی آپریشن روک دیا گیا۔ ایئرپورٹ پر اس وقت متعدد پروازوں کی آمد و روانگی جاری تھی، جس کے باعث بعض پروازوں کو متبادل ایئرپورٹس کی جانب موڑنا پڑا۔
بعد ازاں امدادی کارروائیوں اور ابتدائی معائنے کے بعد ایئرپورٹ پر فضائی سرگرمیاں بحال کردی گئیں۔
تاحال یہ واضح نہیں ہوسکا کہ گراؤنڈ سروس میں استعمال ہونے والی گاڑی اچانک بے قابو کیوں ہوئی۔ ابتدائی طور پر ڈرائیور کی ممکنہ توجہ بھٹکنے یا کسی طبی مسئلے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے، تاہم حکام نے ان میں سے کسی وجہ کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔
View this post on Instagram
واقعے کی مکمل تحقیقات شروع کردی گئی ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ گاڑی طیارے کے قریب کیسے پہنچی اور حادثے کی اصل وجہ کیا تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل