Loading
وفاقی حکومت نے نجکاری، سرکاری اداروں کی تنظیم نو، رائٹ سائزنگ اور ٹیکس پالیسی سمیت اہم معاشی امور پر کاروباری برادری سے مشاورت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔
وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد کا کہنا ہے کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان تعمیری مکالمہ سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال کرنے، کاروباری ماحول بہتر بنانے اور عملی و پائیدار اصلاحات وضع کرنے کے لیے ضروری ہے۔
وزارت خزانہ کے مطابق پاکستان بزنس کونسل (پی بی سی) کے چیئرمین زیاد بشیر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر جاوید قریشی کی قیادت میں اعلیٰ سطح کے وفد نے فنانس ڈویژن میں مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد سے ملاقات کی، جس میں سرمایہ کاری کے فروغ، نجی شعبے کی شمولیت بڑھانے اور حکومت کے وسیع تر ساختی اصلاحاتی ایجنڈے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں جاری نجکاری پروگرام، سرکاری ملکیتی اداروں کی تنظیم نو اور تجارتی سرگرمیوں میں حکومت کے کردار کو کم کرنے سے متعلق اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا نے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں، بینکوں اور ایئرپورٹس کی مجوزہ نجکاری پر بھی بات چیت کی۔
اجلاس میں بڑے سرکاری اداروں کو ابتدائی عوامی پیشکش (آئی پی او) کے ذریعے کیپیٹل مارکیٹس میں لانے کے امکانات بھی زیر بحث آئے، جن میں اسٹیٹ لائف انشورنس کارپوریشن بھی شامل ہے۔
پاکستان بزنس کونسل کی قیادت نے حکومت کے رائٹ سائزنگ ایجنڈے کی حمایت کرتے ہوئے مختصر، مؤثر اور واضح ترجیحات رکھنے والے سرکاری شعبے کی ضرورت پر زور دیا۔ پی بی سی نے نجکاری، سرکاری اداروں کی تنظیم نو، رائٹ سائزنگ اور نجی شعبے کی زیادہ شمولیت سے متعلق تفصیلی تجاویز حکومت کے ساتھ شیئر کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ملاقات میں ٹیکسوں کو معقول بنانے اور درمیانی مدت کے ٹیکس پالیسی فریم ورک کی تیاری پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ شرکا نے زور دیا کہ ایک قابلِ پیش گوئی، شفاف اور مسابقتی ٹیکس نظام سرمایہ کاری، کاروباری توسیع اور طویل مدتی معاشی سرگرمیوں کے لیے معاون ہونا چاہیے۔
پی بی سی کی قیادت نے وفاقی بجٹ 2026-27 میں متعارف کرائے گئے اقدامات کو سراہتے ہوئے ان کی حمایت کا اظہار کیا۔ پی بی سی نے بالخصوص ٹیکسوں کا بوجھ بڑھانے کے بجائے ٹیکس بیس اور معاشی سرگرمیوں کو وسعت دینے کی جانب پالیسی تبدیلی کا خیرمقدم کیا۔
مشیر وزیر خزانہ خرم شہزاد نے پاکستان بزنس کونسل کے تعاون اور مشاورت کو سراہتے ہوئے کہا کہ حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان مسلسل رابطہ سرمایہ کاروں کا اعتماد مضبوط بنانے، کاروباری ماحول بہتر کرنے اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے ضروری ہے۔
ملاقات میں حکومت اور کاروباری برادری کے درمیان اصلاحاتی عمل کو آگے بڑھانے، سرمایہ کاری کے فروغ، مسابقت اور پائیدار معاشی ترقی کے لیے مسلسل مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل