Loading
بانی پی ٹی آئی عمران خان کے بیٹے قاسم خان سے متعلق سوشل میڈیا پر پوسٹ گردش کررہی ہے کہ قاسم خان نے اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی کے ارادوں کا تذکرہ کیا ہے۔
یہ وائرل اسکرین شاٹ جعلی ثابت ہوگیا، جس میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہوں نے برطانوی صحافی کرسٹین امان پور کو دیے گئے ایک انٹرویو میں اپنی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی کے مبینہ منصوبے پر گفتگو کی۔
فیکٹ چیک کے مطابق قاسم خان نے ایسے کسی معاملے پر کوئی بیان نہیں دیا۔ انٹرویو کے دوران نہ تو کرسٹین امان پور نے ان سے ان کی والدہ کی دوسری شادی کے حوالے سے سوال کیا اور نہ ہی قاسم خان نے اس بارے میں کوئی تبصرہ کیا۔
یہ دعویٰ 5 اگست کو ایکس، جو پہلے ٹوئٹر کے نام سے جانا جاتا تھا، پر ایک صارف کی جانب سے شیئر کیے گئے اسکرین شاٹ کے ذریعے سامنے آیا۔ پوسٹ میں اس اسکرین شاٹ کو پروگرام ’’کرسٹین امان پور پریزنٹس: دی ایکس فائلز‘‘ میں قاسم خان کے حالیہ انٹرویو سے منسوب کیا گیا۔
ٹرمپ سے ہمیں بڑی امیدیں تھیں ان کے بھروسے ہم چپ تھے،
لیکن ٹرمپ نے ہماری پرواہ نہیں کی،
اس سبب ہمارے پاپا جیل میں ہیں، کاسم خان
ابھی آپ کے چھوٹے بھائی نے بتایا وہ اپنے پاپا کے ساتھ سوئٹزرلینڈ میں ہیں اور آپ کہہ رہے آپ کے پاپا جیل میں ہیں؟ صحافی
وہ ہمارے نئے والے پاپا مما نے تیسری… pic.twitter.com/m6bCXOBxIM
— Ehsan (@Ehsan038) August 5, 2026
سوشل میڈیا پوسٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ کرسٹین امان پور نے قاسم خان سے سوال کیا تھا کہ کیا ان کے بھائی سوئٹزرلینڈ میں اپنے ’’نئے والد‘‘ کے ساتھ موجود ہیں۔ پوسٹ کے مطابق قاسم خان نے مبینہ طور پر تصدیق کی کہ ان کی والدہ جمائما گولڈ اسمتھ نے دوسری شادی کرلی ہے۔ مذکورہ پوسٹ کو خبر کی اشاعت تک 3 ہزار 200 سے زائد مرتبہ دیکھا جاچکا تھا جبکہ اسے 67 لائکس بھی ملے۔ یہی دعویٰ ایکس اور فیس بک پر دیگر اکاؤنٹس سے بھی شیئر کیا گیا۔
تاہم فیکٹ چیک نے اس دعوے کی حقیقت جانچنے کے لیے 4 اگست کو یوٹیوب پر اپ لوڈ کیے گئے قاسم خان اور کرسٹین امان پور کے مکمل 41 منٹ سے زائد دورانیے کے انٹرویو کا جائزہ لیا۔ جائزے سے معلوم ہوا کہ گفتگو میں قاسم خان نے اپنے والد عمران خان کی قید، ان کی سیاسی جماعت کے خلاف کریک ڈاؤن اور پاکستان سے متعلق مختلف معاملات پر تفصیلی بات کی، لیکن اپنی والدہ کی دوسری شادی کے حوالے سے کوئی گفتگو نہیں کی۔
انٹرویو کے دوران کسی بھی مقام پر کرسٹین امان پور نے قاسم خان سے جمائما گولڈ اسمتھ کی دوسری شادی یا کسی مبینہ نئے سوتیلے والد کے بارے میں سوال نہیں کیا۔ اسی طرح قاسم خان نے بھی اپنی والدہ یا کسی نئے سوتیلے باپ سے متعلق کوئی بیان نہیں دیا۔
واضح رہے کہ عمران خان اور جمائما گولڈ اسمتھ کی شادی شدہ زندگی کا اختتام 2004 میں طلاق پر ہوا تھا۔ مکمل انٹرویو درج ذیل دیکھا جاسکتا ہے۔
فیکٹ چیک کے نتیجے میں یہ بات سامنے آئی کہ سوشل میڈیا پر شیئر کیا جانے والا اسکرین شاٹ اور اس سے منسلک دعویٰ درست نہیں۔ قاسم خان نے کرسٹین امان پور کے انٹرویو کے دوران اپنی والدہ کی دوسری شادی کے کسی مبینہ منصوبے یا کسی نئے سوتیلے باپ کے بارے میں کوئی گفتگو نہیں کی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل