Sunday, August 23, 2026
 

قومی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ، انوسیبلز نے اسٹرائکرز کو شکست دے دی

 



پی سی بی کے تحت جاری قومی انڈر 19 ویمنز کرکٹ ٹورنامنٹ میں انوسیبلز نے اسٹرائکرز کو 54 رنز سے مات دے کر مسلسل دوسری فتح اپنے نام کر لی جبکہ اسٹارز نے کانکرز کو 78 رنز سے شکست دے کر 2 ناکامیوں کے بعد فتح کا ذائقہ چکھ لیا۔ اتوار کو این بی پی اسپورٹس کمپلیکس پر انوسیبلز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 30 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 165 رنز بنائے،پلیئر آف دی میچ الزوحہ حماد نے چارحانہ انداز میں 9 چوکوں کی مدد سے 64 رنز کی اننگ کھیلی۔ مناہل پرویز 24 اور ماہا عباس 12 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں،جواب میں اسٹرائکرز کی ٹیم 22.5 اوورز میں محض 71 رنز پر میدان بدر ہو گئی،عریشہ انصاری 23 رنز کے ساتھ نمایاں رہیں،ماہا عباس نے 4 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ الزوحہ حماد نے کوئی رن دیے بغیر 2 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ اسٹرائکرز کی مسلسل دوسری شکست تھی،اوول گراؤنڈ ،نیشنل اسٹیڈیم پر اسٹارز نے 29.3 اوورز میں 139 رنز جوڑ کر پویلین کا رخ کیا،پلیئر آف دی میچ اقصیٰ  نے48 رنز کی اننگ کھیلی، اوپنر قمروش 15 اور مہک عارف 12 رنز جوڑنے میں کامیاب رہیں،نرجس بی بی نے 20 رنز دے کر 5 وکٹیں اپنے نام کیں۔  جواب میں کانکرز کی ٹیم 18.2 اوورز ہی میں61 رنز پر ڈھیر ہو گئی، نسرین اشرف 11 رنز کے ساتھ نمایاں  رہیں، 10 بیٹرز دہائی کا ہندسہ عبور نہ کر سکیں، سویرا رمضان نے 14 رنز دے کر 3اور افشیں نے ایک رن دے کر 2کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا،کانکرز کی تیسرے میچ میں دوسری شکست تھی۔  واضح رہے کہ دونوں میچز شہر میں ہونے والی بوندا باندی کے سبب تاخیر سے شروع ہوئے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل