Loading
چیف جسٹس وفاقی آئینی عدالت جسٹس امین الدین خان نے کہا ہے کہ اختیارات کے استعمال میں آئین کو ہرصورت مقدم رکھا جائے۔
وفاقی آئینی عدالت میں نئے عدالتی سال کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ نئے عدالتی سال کا آغاز انصاف کی فراہمی کے عزم کی تجدید کا دن ہے ۔ وفاقی آئینی عدالت آئینی معاملات پر اپنی ذمہ داریاں بخوبی نبھا رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختیارات کے استعمال میں آئین کو ہر صورت مقدم رکھا جانا چاہیے، آئین کی پاسداری سے ہی معاشرے میں استحکام ممکن ہے جبکہ آئین میں اختیارات اور حدود کا واضح تعین کیا گیا ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالتی امور میں جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لانا ضروری ہے، ٹیکنالوجی کا استعمال ادارہ جاتی استعداد اور شفافیت کو بڑھاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت نے قیام کے بعد مختصر عرصے میں کئی اہم مقدمات کے فیصلے سنائے ہیں۔ انصاف تک رسائی ہر شہری کا حق ہے اور بلا تفریق آئینی انصاف ہماری بنیادی ترجیح رہنی چاہیے۔
جسٹس امین الدین خان نے کہا کہ مقدمات کا سماعت کے لیے تقرر شفاف انداز میں کیا جاتا ہے۔ عدلیہ کی آزادی کسی بھی معاشرے میں بنیادی اہمیت کی حامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ بیرونی دوروں اور سرگرمیوں کے ذریعے عدالتی شعبے میں تعاون بڑھایا جارہا ہے۔بار ایسوسی ایشنز اور دیگر وفود کے آئینی عدالت کے دورے بھی اہمیت کے حامل ہوتے ہیں۔
چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت تفویض شدہ آئینی ذمہ داریاں پختہ عزم کے ساتھ نبھاتی رہے گی ۔ بار اور بینچ کے درمیان تعاون کو مزید فروغ دیا جائے گا۔ نظام انصاف پر عوام کے اعتماد کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پرعزم ہیں۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل مسعود چشتی نے کہا کہ چیف جسٹس امین الدین خان نے وفاقی آئینی عدالت کے سربراہ کی حیثیت سے اپنی ذمہ داریاں بہترین انداز میں انجام دی ہیں۔ وفاقی عدالت کے ادارہ جاتی ڈھانچے کی تشکیل ایک بڑا چیلنج ہوتی ہے، جبکہ وفاقی آئینی عدالت نے اپنی آئینی ذمہ داریاں سنجیدگی، توازن اور آئینی بصیرت کے ساتھ انجام دی ہیں۔
وائس چیئرمین پاکستان بار کونسل نے کہا کہ وفاقی آئینی عدالت مستقبل میں پاکستان کے آئینی و قانونی نظام کے لیے رہنما اصول کا درجہ حاصل کرے گی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئینی عدالت کا سفر آئین کی بالادستی اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی سمت میں آگے بڑھتا رہے گا۔ مسعود چشتی نے مطالبہ کیا کہ وفاقی آئینی عدالت سائلین کو جلد ویڈیو لنک کی سہولت بھی فراہم کرے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل