Loading
معروف گلوکار شفقت امانت علی نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ دو برس سے کینسر جیسے موذی مرض سے نبرد آزما ہونے کے بعد اب تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں، تاہم اسٹیم سیل تھراپی سمیت علاج کا سلسلہ تاحال جاری ہے اور اعلان کیا کہ صحت یابی کے بعد وہ دوبارہ موسیقی کی دنیا میں واپسی کرتے ہوئے کنسرٹس میں پرفارم کریں گے۔
کراچی کے مقامی ہوٹل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے معروف گلوکار شفقت امانت علی نے بتایا کہ بیماری کے ابتدائی ایام میں انہوں نے مختلف ڈاکٹروں سے علاج کروایا، تاہم بعد ازاں ملٹی پل مائیلوما کی تشخیص ہوئی، جس کے بعد کراچی کے نجی اسپتال میں علاج کا سلسلہ شروع کیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ گلوکاری کی مصروف زندگی گزارنے کے بعد بیماری کے باعث طویل عرصے تک بستر پر رہنا ان کے لیے خاصا مشکل تجربہ تھا تاہم اب صحت میں بہتری کے بعد وہ دوبارہ موسیقی کے میدان میں سرگرم ہونے کے لیے پرعزم ہیں۔
معروف گلوکار نے بتایا کہ بیماری کے باعث گلوکاری کا سلسلہ دوبارہ شروع نہیں ہو سکا۔
میوزک ڈائریکٹر احسن باری نے بتایا کہ شفقت امانت علی کی طبیعت میں بہتری آنے کے بعد گزشتہ دو ماہ سے ان کے ساتھ میوزک کنسرٹس کی تیاری جاری ہے، ان کنسرٹس میں موسیقی کے نئے انداز پیش کیے جائیں گے، جن میں ملک کے نامور میوزیشنز اور آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی میوزک اکیڈمی کے طلبہ بھی حصہ لیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ کنسرٹس کی تیاری کراچی میں انتہائی منظم انداز میں کی جا رہی ہے، جس میں ریہرسل کے ساتھ موک کنسرٹ بھی شامل ہے۔
پریس کانفرنس کے اختتام پر شفقت امانت علی کی بیماری سے صحت یابی اور میوزک انڈسٹری میں واپسی کے حوالے سے تیار کردہ ویڈیو پرومو بھی دکھایا گیا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل