Tuesday, November 17, 2026
 

خیبرپختونخوا؛ 29 لاکھ لڑکیوں سمیت 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں، مشیر تعلیم

 



خیبرپختونخوا کے گورنر مشیر تعلیم عامر عبداللہ نے کہا ہے کہ صوبے میں 29 لاکھ لڑکیوں سمیت 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور قبائلی اضلاع میں 329 اسکول غیر فعال ہیں جبکہ 5 ارب روپے کی لاگت سے 70 منصوبے ترتیب دیے گئے ہیں۔ پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا کے مشیر تعلیم عامر عبداللہ نے کہا کہ شعبہ تعلیم کے لیے 5 ارب روپے کی لاگت سے70 منصوبے 180 دن کا پلان ترتیب دیا گیا ہے اور صوبے میں مزید 1500 اسکول آوٹ سورس کریں گے جبکہ 421 پہلے ہوچکے ہیں۔ عامر عبداللہ نے کہا کہ آوٹ سورس اسکولوں کا معیار بہتر ہوا ہے اور داخلے بڑھ گئے یہ نظام سندھ اور پنجاب میں پہلے سے رائج ہے۔ مشیر تعلیم نے بتایا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت کے لیے 100 دن کا منصوبہ لا رہے ہیں، ای ٹرانسفر نظام اسی تربیت کی تکیمل سے منسلک ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کے 35 ہزار اسکولوں میں 44 ہزار 747 آسامیاں خالی پڑی ہیں، 11 ہزار سے زائد اسکولوں میں ایک یا دو استاد تعینات ہیں، صوبے کے 49 لاکھ بچے اسکولوں سے باہر ہیں اور 29 لاکھ لڑکیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آوٹ اف اسکول بچوں میں پشاور سر فہرست ہے اور قبائلی اضلاع میں 329 اسکول غیر فعال ہیں، قبائلی اسکولوں میں سینکڑوں اساتذہ نے پیسے دے کر اپنی جگہ دوسرے لوگوں کو تعینات کیا ہے، جہاں اساتذہ کی ضرورت ہے وہاں موجود نہیں اور کہیں پر سرپلس ہیں۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ سرکاری اسکولوں کے 1700 لیبارٹریوں میں 325 کے کمپیوٹرز برسوں سے خراب پڑے ہیں، آئی ٹی کی تعلیم بلیک بورڈ پر دی جارہی ہے جو المیہ ہے، 12 مخصوص اضلاع میں 512 سرکاری اسکول بند اور 264 میں سرے سے استاد نہیں ہیں۔ عامر عبداللہ نے کہا کہ 12 اضلاع کے 107 اسکولوں میں ٹیچرز یا طلبہ موجود نہیں، خیبرپختونخوا میں اعلیٰ تعلیم تک رسائی کی شرح سندھ اور پنجاب سے انتہائی کم صرف 8 فیصد ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کہ 34 جامعات میں 698 ڈپارٹمنٹس ہیں اور 208 نے تین سال میں ایک ریسرچ پیپر تیار نہیں کیا۔ مشیر تعلیم نے کہا کہ صوبے میں وزیراعظم اسکیم کے تحت 7 دانش اسکول بنیں گے، 424 کی سولرائزیشن کریں گے، ورچوئل اسکول منصوبے کو توسیع دیں گے اور محکمہ تعلیم میں پہلے سے موجود بہتر منصوبے کو اگے بڑھائیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل