Loading
ایران نے واشنگٹن میں ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیاروں سے حملے کی مبینہ منصوبہ بندی سے متعلق امریکی انٹیلی جنس رپورٹ مسترد کرتے ہوئے اسے بے بنیاد پروپیگنڈا قرار دے دیا۔
سی این این کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے کہا کہ امریکا ایران پر مزید حملوں کا جواز پیدا کرنے کے لیے من گھڑت الزامات اور پروپیگنڈا مہم چلا رہا ہے۔
سی این این نے اپنی رپورٹ میں سات امریکی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ امریکی انٹیلی جنس کو ایسی معلومات ملی ہیں جن کے مطابق ایران واشنگٹن میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ کے اعلیٰ عہدیداروں کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرٹی بم یا کیمیائی ہتھیار استعمال کرنے کے ممکنہ منصوبے تیار کر رہا ہے۔
رپورٹ میں یہ بھی بتایا گیا تھا کہ امریکی حکام اس بارے میں متفق نہیں کہ ایران ایسا حملہ کرنے کی صلاحیت یا ارادہ رکھتا ہے یا نہیں۔ وائٹ ہاؤس نے بھی کہا تھا کہ فی الحال ملک کو کوئی قابلِ اعتبار خطرہ لاحق نہیں۔
اسماعیل بقائی نے مزید الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل کے حالیہ حملوں میں ایران کے آبی ذخائر اور پانی صاف کرنے کے مراکز کو بھی نشانہ بنایا گیا، جس سے شہری آبادی کو پانی کی فراہمی متاثر ہوئی۔
انہوں نے خبردار کیا کہ ایران پر مزید جارحیت کی گئی تو اس کا جواب ناقابلِ فراموش ہوگا۔
دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی مبینہ خطرے کو سنجیدہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی حکام معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل