Loading
گذشتہ مضمون کا موضوع تھا ’’اطلاعاتی سامراجیت کی کہانی ‘‘۔مگر اکیسویں صدی کو اس سے بھی بڑے چیلنج کا ’’ ڈیجیٹل سامراجیت ‘‘ کی شکل میں سامنا ہے۔جس طرح روائیتی سامراجیت ریاست اور تجارت کے گٹھ جوڑ سے پیدا ہوئی اسی طرح یک طرفہ فیور ایبل ریاستی قوانین کے سائے میں پھلنے پھولنے والی ٹیک کمپنیوں اور ریاست کی سانٹھ گانٹھ سے ڈیجیٹل سامراجیت جنمی ۔ٹیک سامراج کی بات ہو اور امریکا کا ذکر نہ آئے یہ کیسے ممکن ہے۔
آپریٹنگ سسٹمز ہوں یا سرچ انجنز ، ایپ اسٹورز ہوں یا سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ، اے آئی ماڈلز ہو یا آپ کا ویزا ، ماسٹر یا امریکن ایکسپریس کریڈٹ کارڈ ، ای کامرس ہو یا آن لائن کمیونیکیشن۔غرض دفتر یا گھر میں آپ کے زیرِ استعمال ہر ڈیجیٹل شے کسی نہ کسی امریکن ٹیک کمپنی کی ڈیجیٹل پگڈنڈی سے گذر رہی ہو گی۔
آپ کیا کھاتے پیتے ہیں ، کون سے نمبر کاجوتا پہنتے ہیں ، روزمرہ مشاغل کیا ہیں ، مزاج کے کیسے ہیں ، آپ کے دوست دشمن کون ہیں ، آپ کن کن مقامات پر کم یا زیادہ جانا پسند کرتے ہیں ؟ غرض یہ سب ڈیٹا ڈیجیٹل فٹ پرنٹ کی شکل میں کسی نہ کسی سات سمندر پار کمپنی کی دیگ میں مسلسل گر رہا ہے۔اس صورتِ حال سے آپ بخوبی ان کمپنیوں کی طاقت اور پہنچ کا اندازہ لگا سکتے ہیں۔گویا یہ کمپنیاں اکیسویں صدی کی اسکندر ہیں۔
وہ دن گئے جب سامراج زرخیز زمین، وسائل اور معدنیات کی لالچ میں پسماندہ علاقوں پر فوج کشی کرتا تھا۔ آج افریقہ اور ایشیا کے ’’ رئیر ارتھ میٹیریل ‘‘ سے پیدا ہونے والے ڈیجیٹل عہد میں سب سے قیمتی شے ڈیٹا ہے۔اس کے لیے ڈیٹا مائننگ کی اصطلاح وجود میں آئی ہے۔ہمارا آپ کا ڈیٹا سونے سے بھی زیادہ مہنگا ہے۔
جس طرح پرانے عہد میں زمینی وسائل کی لوٹ مار بے بس مقامی لوگوں کے سامنے ہوتی تھی اسی طرح ہمارے آپ کے ڈیٹا کی مائننگ ہمارے سامنے ہی ہو رہی ہے اور ہم کچھ نہیں کر سکتے بلکہ ہم خود یہ ڈیٹا موبائل فون ، انٹرنیٹ اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کی شکل میں ان کمپنیوں کو تقریباً مفت میں فراہم کر رہے ہیں۔
یہ کمپنیاں اس خام ڈیٹا کو ریفائن اور کلاسیفائی کرتی ہیں۔ ڈیٹا ایک سے دوسرے کو فروخت ہوتا رہتا ہے۔اس ڈیٹا کی بنیاد پر تجارتی و معاشی و سیاسی و عسکری پالیسیاں تشکیل دے کر ہمیں ہی مزید نچوڑنے کے لیے استعمال ہوتی ہیں۔
ڈیٹا کے خام مال کی سپلائی کم نہ ہونے پائے اس کے لیے تمام ڈیجیٹل پلیٹ فارمز زیادہ سے زیادہ استعمال کرنے کے لیے چند پیسوں کی ترغیب دی جاتی ہے۔اس چکر میں چند لوگ بہت سے ڈالر بھی کما لیتے ہیں مگر باقی کروڑوں لوگ ان جیسا کمانے کے چکر میں چوبیس گھنٹے ڈیٹا پروڈکشن کی نشہ آور مشقت میں جتے رہتے ہیں۔جو چند پیسے اس کے عوض ہم جیسے ’’ رضاکاروں ‘‘ کو ڈیجیٹل کمپنیاں دیتی ہیں۔ان کمپنیوں کے جادوئی منافع کے تناسب سے ان پیسوں کی اوقات اتنی ہی ہے جتنی کوئی دودھیا گائے دودھ کی زیادہ سے زیادہ مقدار کے عوض کچھ تازہ چارہ ملنے پر خوش رہے ۔
ہمارے پاس جو کمپیوٹرز یا موبائل فون ہیں ان میں ایک حد تک ہی ڈیٹا رکھا جا سکتا ہے۔مگر اس دنیا میں تو بڑے بڑے سرکاری و نجی ادارے ٹریلین بائٹس کا ڈیٹا پیدا کر رہے ہیں۔اسے کہاں رکھا جائے ؟ ظاہر ہے کہ وہ دیوہیکل ٹیک کمپنیوں کے قائم کردہ ڈیجیٹل کلاؤڈز میں ہی اسٹور ہو سکتا ہے۔اس وقت دو تہائی عالمی کلاؤڈ گنجائش صرف تین امریکی کمپنیوں ( ایمیزون ، مائکرو سافٹ اور گوگل ) کے قبضے میں ہے۔ڈیٹا ٹرانسمیشن کے لیے انٹرنیٹ کا جو عالمی جال زیرِ آب کیبلز کی صورت میں دنیا بھر میں پھیلا ہوا ہے۔اس جال کا ستر فیصد حصہ چند امریکی کمپنیوں کی ملکیت ہے۔
ان کمپنیوں کی مالی طاقت کئی ممالک کی مجموعی قومی پیداوار کی ویلیو سے بھی زیادہ ہے۔مثلاً ایپل کی مارکیٹ ویلیو پانچ اعشاریہ دو ٹریلین ڈالر بتائی جاتی ہے۔اے آئی کو لامحدود کمپیوٹنگ طاقت دینے والی چپ میکر کمپنی اینویڈیا کی مالیت تین اعشاریہ نو ٹریلین ڈالر ہے۔مائکروسافٹ کی مالیت تین اعشاریہ نو ٹریلین ڈالر ، گوگل کی مالک کمپنی الفابیٹ کی مالیت تین اعشاریہ چھ ٹریلین ڈالر ہے۔ایمیزون کی مالیت دو عشاریہ نو ٹریلین ڈالر ہے۔۔سیمی کنڈکٹر بنانے والی دوسری بڑی امریکی کمپنی براڈ کام کی مالیت ایک اعشاریہ سات ٹریلین ڈالر ہے ( پہلی بڑی کمپنی تائیوان کی ٹی ایس ایم سی ہے جس کی مالیت دو اعشاریہ ایک ٹریلین ڈالر ہے )۔
فیس بک ، وٹس ایپ ، انسٹاگرام ، میسنجر اور تھریڈز جیسے پلیٹ فارمز کی مالک میٹا کمپنی کی مارکیٹ ویلیو ایک اعشاریہ چھ ٹریلین ڈالر ، اے آئی کمپنی اینتھروپک کی مالیت ایک اعشاریہ چار ٹریلین ڈالر ہے۔سافٹ ویرز اور اے آئی سے منسلک کمپنی پلانٹیر کی مالیت چار سو پانچ بلین ڈالر ، اوریکل کی مالیت تین سو اکیانوے بلین ڈالر ، سسکو کی تین سو ستتر بلین ڈالر ، انٹیل کی مالیت تین سو سترہ بلین ڈالر ہے۔جو ویزہ کارڈ آپ کی جیب میں ہے اس کی مالک کمپنی کی ویلیو سات سو چورانوے بلین ڈالر اور ماسٹر کارڈ کی ویلیو پانچ سو چھہتر بلین ڈالر ہے۔
امریکا سے باہر سوائے تائیوان کی ٹی ایس ایم سی اور جنوبی کوریا کی سیمسنگ کے کوئی کمپنی ٹریلین ڈالر ڈیجیٹل کلب میں نہیں ۔جبکہ موبائل فون اور کمپیوٹرز چپ بنانے والی چینی کمپنی سی ایکس ایم ٹی کی مالیت چار سو چوبیس بلین ڈالر اور وڈیو گیمز اور وی چیٹ پلیٹ فارم کی مالک چینی کمپنی ٹین سینیٹ کی مارکیٹ ویلیو ساڑھے چار سو بلین ڈالر ہے۔یورپ کی بات کی جائے تو مائکرو چپ سازی کے آلات تیار کرنے والی ڈچ کمپنی اے ایس ایم ایل کی مالیت پانچ سو چھہتر بلین ڈالر ہے۔
جب انیس سو اسی اور نوے کی دہائی میں انٹرنیٹ کا عمومی پھیلاؤ شروع ہوا اور لوگوں نے پہلی بار مائیکرو سافٹ اور ونڈو کا نام سنا تو تصویر یہی کھینچی گئی کہ یہ چوتھا صنعتی انقلاب دنیا کو صحیع معنوں میں ایک گلوبل ولیج بنا دے گا۔ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کے ذریعے آپس کی رابطہ کاری بڑھے گی تو باہمی غلط فہمیاں بھی کم ہوں گی اور دنیا ایک دوسرے کے دکھ درد کو زیادہ بہتر انداز میں محسوس کرتے ہوئے قریب تر آتی چلی جائے گی۔
آج اس دعوی کے چالیس برس بعد آپ اپنے اردگرد دیکھ کر خود فیصلہ کیجیے کہ ہمیں ڈیجیٹل مساوات ملی ہے یا ہم مٹھی بھر کمپنیوں اور ریاستوں کی ڈیجیٹل کولونیل فسطائیت کے دور میں داخل ہو چکے ہیں۔
ہماری سوچ بھی اے آئی ڈیٹا میں بدلی جا رہی ہے۔اے آئی پروگرامز زندگی اور موت کے فیصلے کر رہے ہیں۔اگر تو یہی گلوبل ولیج ہے جس کا سپنا ہمیں دکھایا گیا تو کم ازکم میں تو اس گاؤں سے واپس ستر اور اسی کی دہائی میں لوٹنا چاہتا ہوں ۔
(وسعت اللہ خان کے دیگر کالم اور مضامین پڑھنے کے لیے bbcurdu.com اورTweeter @WusatUllahKhan.پر کلک کیجیے)
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل