Friday, November 20, 2026
 

تاریخی کردار ادا کرنے کے لیے…

 



بلاول بھٹو زرداری کے کراچی پریس کلب میں خطاب نے سیاسی ڈھانچہ میں پڑنے والے شگافوں کو عیاں کردیا، مگر ایک اہم سوال یہ ہے کہ کیا وہ اس بیانیہ کو جاری رکھیں گے؟ بلاول بھٹو نے اپنی اس تقریر میں پہلی دفعہ سخت باتیں کیں۔ انھوں نے کہا کہ سندھ کو زبردستی تقسیم کیا گیا تو خون بہے گا۔ صوبہ بنانے کا طریقہ کار آئین میں موجود ہے، کراچی کی سڑکوں پر خون خرابہ نہیں دیکھ سکتا۔ بلاول نے، اپنے گزشتہ تین برسوں کے موقف کے برعکس، کہا کہ سیاسی قیدیوں کو رہا کرنا پڑے گا اور اپوزیشن سے مخصوص نشستیں چھین کر دو ترامیم کی گئیں۔ وزیر اعظم کے پاس اتنا اختیار تو ہونا چاہیے کہ وہ اپنے وزیر کو کنٹرول کرسکیں۔ بلاول بھٹو نے مولانا فضل الرحمن سے ہمدردی کرتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم میں مولانا فضل الرحمن نے جو کردار ادا کیا اس کے بغیر شہباز شریف وزیر اعظم کی کرسی پر نہیں بیٹھ سکتے تھے۔ بلاول بھٹو زرداری نے وفاقی وزراء کے نئے صوبے بنانے کے بیانیہ کے خلاف سخت پریس کانفرنس کی ہے۔  پاکستان کا قیام 23 مارچ 1940ء کو قراردادِ لاہور کی بنیاد پر عمل میں آیا تھا اور مسلم اکثریتی صوبوں نے مل کر نیا ملک بنایا تھا، چونکہ گزشتہ 80برسوں کے دوران سیاسی عمل مسلسل جاری نہیں رہا لہٰذامختلف ادوار میں مختلف نوعیت کے تجربات کیے گئے۔ پہلے وزیر اعظم لیاقت علی خان کا قتل ہوا اور ان کے قتل کی وجوہات کبھی منظر عام پر نہیں آئیں۔ پھرمشرقی پاکستان سے تعلق رکھنے والے وزیر اعظم خواجہ ناظم الدین کو برطرف کیاگیا۔ پہلی آئین ساز اسمبلی کو توڑ دیا گیا اور عدلیہ کو انتظامیہ کا حصہ بنا دیا گیا۔ جنرل ایوب خان کے نئے ون یونٹ پالیسی کے تحت مغربی پاکستان کو ایک یونٹ بنا دیاگیا۔ون یونٹ کے تحت سندھ، بلوچستان، خیبر پختون خوا اور پنجاب کی صوبائی حیثیت ختم ہوگئی تو دوسری طرف مشرقی بنگال کی اکثریت کو ختم کردیا گیا۔ اس وقت کے گورنر جنرل غلام محمد ،سندھ سے تعلق رکھنے والے ایوب کھوڑو اور جنرل ایوب خان ون یونٹ کے قیام کو ملک کی سالمیت کے لیے لازمی قرار دیتے تھے۔ اس ملک کی تاریخ کے تقریباً 33 سال بغیر آئین اور ایک کنٹرول نظام میں گزرے۔ اس دوران ایک منتخب وزیر اعظم ذوالفقار علی بھٹو کا عدالتی قتل ہوا اور تقریباً 12 وزراء اعظم برطرف ہوئے اوراب تک صرف تین حکومتیں اپنی آئینی مدت پوری کرسکی ہیں۔ اس دوران اعلیٰ عدلیہ نے بھی دو وزرائے اعظم کو اپنے فیصلوں کے ذریعے برطرف کیا اور ایک وزیر اعظم پارلیمنٹ میں عدم اعتماد کی تحریک کے ذریعہ اقتدارسے اپنے عہدے سے محروم ہوئے۔ تقریباً 5 وزراء اعظم کو مختلف مقدمات میں جیل کی صعوبتیں برداشت کرنی پڑیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ اس پورے منظرنامہ میں سیاسی جماعتوں نے بھی غیرجمہوری کردار ادا کیا۔ پاکستان بننے کے پہلے 10 برسوں میں مسلم لیگ تمام غیر جمہوری فیصلوں میں شامل رہی۔ مسلم لیگ کا ایک حصہ کنونشن لیگ بن کر جنرل ایوب خان کی حکومت کا حصہ رہا، اگر پیپلز پارٹی کے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو اور دائیں بازو کی جماعتیں 1971ء میں عوامی لیگ کو اقتدار منتقلی کے موقف کی حمایت کرتیں تو آج اس ملک میں جمہوریت مستحکم ہوتی۔ پیپلز پارٹی کے چیئرمین ذوالفقار علی بھٹو نے اپنی زندگی کا نذرانہ دیتے ہوئے پیپلز پارٹی اور جمہوری قوتوں کو مستحکم کیا۔ پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو شہید اور میاں نواز شریف نے میثاق جمہوریت پر دستخط کرکے اس ملک میں جمہوریت کو مستحکم کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کیا تھا مگر دونوں جماعتوں نے آئین میں اٹھارہویں ترمیم کرنے کے علاوہ کچھ نہیں کیا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے 26ویں اور 27ویں آئینی ترمیم بھی کرائی ہیں۔اب بلاول یہ اقرار کررہے ہیں کہ یہ ترامیم زبردستی کرائی گئی۔ (بلاول بھٹو زرداری نے اپنے ایک انٹرویو میں اپنے پرانے مؤقف سے انحراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اب بھی اس ترمیم کے خلاف نہیں ہیں۔ انھوں نے یہ بھی کہا ہے کہ وہ اگر مخصوص نشستوں سے دستبردار بھی ہوجائیں تو یہ نشستیں تحریک انصاف کو نہیں مل سکتیں۔ )وزیر اعظم کے مشیر رانا ثناء اﷲ کی بات وزن رکھتی ہے کہ پیپلز پارٹی کے معروف وکیل رہنما فاروق نائیک جوڈیشل کمیشن سے مستعفی ہوئے اور بلاول خود جوڈیشل کمیشن کے رکن بن گئے۔ بلاول بھٹو نے اپنی اس تقریر میں کرپشن کا ذکر کیا۔پیپلز پارٹی کی چیئرپرسن بے نظیر بھٹو اور میاں نواز شریف میثاق جمہوریت میں اس بات پر متفق ہوئے تھے کہ کرپشن کے خاتمہ کے لیے عوام کے جاننے کے حق کو آئینی شکل دی جائے گی۔ اٹھارہویں ترمیم میں آرٹیکل 19-A شامل کیا گیا اور عوام کے جاننے کے حق کو تسلیم کیا گیا مگر اس آرٹیکل کو عملی شکل دینے کے لیے جو ادارے قائم کیے گئے وہ سندھ میں انتہائی کمزور ہیں۔ اعلیٰ عدالتوں کے فیصلوں کے تحت سندھ کی حکومت نے سندھ انفارمیشن کمیشن قائم کیا مگر اس کمیشن کو عملی طور پر انتظامیہ کا حصہ بنادیا گیا۔ اسی طرح سندھ اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا سربراہ کا عہدہ قائد حزب اختلاف کو نہیں دیا گیا۔ پیپلز پارٹی سندھ کے صدرنثار کھوڑو سندھ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے چیئرمین ہیں۔ یہ بھی حقیقت ہے کہ پیپلز پارٹی کے رکن خیبر پختون خوا کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے سب سے زیادہ مولانا فضل الرحمن پر تنقید کی ہے اور وہ روزانہ مولانا کے خلاف کوئی نہ کوئی بات کہہ دیتے ہیں۔ بلاول کو اس پر بھی غور کرنا چاہیے۔جب بلاول بھٹو زرداری 27ویں ترمیم کی کمزوریوں کا اقرار کررہے ہیں تو انھیں خود اور پیپلز پارٹی کے دیگر اراکین کو جوڈیشل کمیشن سے بھی الگ کرلینا چاہیے۔ بلاول کو مکمل طور پر حزب اختلاف کا کردار ادا کرنا چاہیے۔ حزب اختلاف کی تمام جماعتوں کو متحد کرنے کی کوشش کریں ۔صوبہ نہ بننا تو ٹھیک مگر سندھ میں جو تضادات پیدا ہونگے، اس کے لیے ضروری ہے کہ سندھ میں نچلی سطح تک اختیارات بلدیاتی نظام نافذ کیا جائے تاکہ پورے سندھ کے عوام میں حقیقی جمہوریت کا احساس پیدا ہو، یوں وہ ملک کو اس بحران سے بچانے کے لیے ایک تاریخی کردار ادا کرسکتے ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل