Loading
دنیا کے نقشے پر کچھ سرحدیں صرف زمین کو تقسیم کرتی ہیں، مگر کچھ سرحدیں انسان کے خوابوں کو بھی قید کردیتی ہیں۔ پہاڑوں کے اس پار ایک کسان اپنی زمین میں گندم اگاتا ہے، کسی وادی میں ایک چرواہا اپنے ریوڑ کے ساتھ موسموں کی کروٹ دیکھتا ہے، کسی شہر میں مزدور کارخانے کی مشین کے شور میں اپنی زندگی کا رزق تلاش کرتا ہے اور کسی بندرگاہ پرکھڑا نوجوان سمندرکی لہروں میں اپنے مستقبل کا راستہ ڈھونڈتا ہے۔ ان سب کے دکھ، ضرورتیں اور امیدیں اور خواب ایک دوسرے سے جدا نہیں ہیں۔
یہی وہ حقیقت ہے جسے اقتصادی تعاون تنظیم یعنی (ECO) ایک مشترکہ معاشی امکان میں تبدیل کر سکتی ہے۔ ایکو کے ممبر ممالک محض سفارتی اجلاسوں میں اکٹھے ہونے والی حکومتیں نہیں ہیں بلکہ تاریخ جغرافیہ مذہب و ثقافت، تجارت اور قدرتی وسائل کے ایسے دھاگوں سے بندھے ہوئے معاشرے ہیں جنھیں مضبوط کیا جائے تو ایک وسیع معاشی قوت جنم لے سکتی ہے۔ ان ملکوں کی افرادی قوت، قدرتی وسائل، زرعی زمین، معدنیات، توانائی، صنعت اور جغرافیائی اہمیت اور بے پناہ صلاحیتوں، وسائل کے باوجود یہ خطہ عالمی تجارت میں اپنا بھرپور حصہ کیوں نہ لے سکا۔
ایکو کے دس ممالک قدرتی وسائل سے مالا مال ایک ایسی دنیا ہے جس کے ممالک ایک دوسرے کے حریف نہیں بلکہ ایک دوسرے کے تکمیل کنندہ ہیں۔ پاکستان کے پاس نہری آبپاشی کا نظام، بہت بڑی آبادی جوکہ ایکو ملکوں کی کل آبادی کا نصف سے زیادہ ہے، افرادی قوت ہے اور بحیرہ عرب تک رسائی کے لیے پاکستان نے گوادر اور کراچی کے دروازے کھول رکھے ہیں۔ ایران تیل و گیس اور قدرتی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ ترکیہ صنعتی پیداوار جدید ٹیکنالوجی، مشینری، گاڑیوں، تیار ملبوسات میں اپنا مقام رکھتا ہے اور ایکو ممالک میں سب سے زیادہ برآمدات اسی ملک کی ہیں۔
یورپ کا دروازہ بھی ہے، قازقستان کے وسیع میدان گندم کی پیداوار اور معدنی دولت کے لیے مشہور ہیں۔ آذربائیجان توانائی کے وسائل سے مالا مال ملک ہے، ازبکستان کپاس ٹیکسٹائل سونا تانبا اور صنعتی ترقی کے امکانات سے بھرپور ہے۔ کرغزستان، تاجکستان پن بجلی کے ذخائر رکھنے والے ملک، افغانستان پھل میوہ جات اور معدنی وسائل سے مالا مال ملک ہے۔ اگر اس ملک کے حالات بہتر ہو جاتے ہیں تو یہ سارے ملک مل کر ایک علاقائی رابطہ قائم کر کے گوادر تک پہنچ سکتے ہیں، اس طرح خطے کی قسمت بدل سکتی ہے۔
ان ملکوں کی معاشی قوت کی کہانی کی حقیقت اس وقت عیاں ہوتی ہے جب کھیت کی پیداوار صنعت کے دروازے تک پہنچتی ہے، پاکستان کی ٹیکسٹائل انڈسٹری کافی پرانی تو ہے لیکن ٹیکسٹائل کی صنعت کو معیاری خام مال، جدید مشینری اور توانائی کی لاگت جیسے مسائل درپیش ہیں۔ اس کے علاوہ پاکستان کے چاول، کینو، آم، کھجور اور پھل اگر جدید پراسیسنگ پیکنگ اور معیار کے مطابق عالمی مارکیٹ میں پیش کیے جائیں تو برآمدات میں اضافہ ہو سکتا ہے اور مالیت بھی زیادہ ملے گی۔ وسطی ایشیا کے مختلف ملکوں میں خوراک کی طلب بڑھتی جا رہی ہے۔ پاکستان کے کاروباری اداروں کے لیے مواقع بڑھ سکتے ہیں مگر ان مواقعوں کے حصول کے لیے تجارتی معاہدے اعلیٰ معیار، آسان کسٹم نظام، محفوظ ترسیل، قابل اعتماد ادائیگیوں کا انتظام ضروری ہے۔ کیا اب وقت نہیں آیا کہ ان تمام ملکوں کو ملا کر یورپی یونین کی طرز کی تنظیم وجود میں لائی جائے۔
ویزہ فری ہو اور دیگر سہولیات اور مراعات کے ساتھ سفری سہولیات حاصل ہوں۔اس خطے کی سب سے بڑی اور قیمتی دولت زمین کے اندر چھپی ہوئی ہے۔ پاکستان کے مختلف علاقوں میں معدنی ذخائر ایک وسیع صنعتی تعاون کی بنیاد بن سکتے ہیں۔ صرف معدنیات نکال لینا ہی معاشی ترقی نہیں ہے بلکہ ان معدنی وسائل کی مقامی پراسیسنگ، دھات سازی، مشینری، کیمیکل اور متعلقہ صنعتوں کو فروغ دیا جائے، مشترکہ سرمایہ کاری کے منصوبے اس وقت کامیاب ہوتے ہیں جب ان میں مقامی آبادی کے لیے روزگار کے مواقع، ماحول کا تحفظ اور منافع کی منصفانہ تقسیم کو بنیادی اہمیت دی جائے۔ پاکستان کی صنعت مہنگی بجلی، گیس کی کمی سے شدید متاثر ہو رہی ہے اور گزشتہ 4 دہائیوں سے ان مشکلات میں ڈوبے ہوئے ہیں۔ وسطی ایشیا کے ممالک توانائی کا بہت بڑا خزانہ رکھتے ہیں۔
ایکو ممالک کو جغرافیائی اعتبار سے دیکھا جائے تو یہ ممالک ایسے خطے میں واقع ہیں، ایک طرف جنوبی ایشیا، وسطی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور یورپی ممالک کو آپس میں ملاتا ہے۔ اس تنظیم کی اہمیت اس کی جغرافیائی محل وقوع ہے۔ ایران امریکا جنگ نے ایکو ممالک کے اقتصادی تعاون کے خواب کو بکھیر کر رکھ دیا ہے۔ اس طرح جنگ کا مستقل خاتمہ اب صرف ایران یا امریکا کا معاملہ نہیں رہا بلکہ پورے خطے کا معاشی مفاد داؤ پر لگ چکا ہے۔16 نومبر 2026 کے اجلاس میں اسٹرٹیجک اہداف 2035 کی منظوری بھی دی گئی ہے۔ اسے ایکو کا آئندہ دس سالہ معاشی لائحہ عمل سمجھا جا سکتا ہے۔ اس کے علاوہ 5 سالہ معدنیاتی تعاون کا روڈ میپ بھی منظورکر لیا گیا ہے جو 2026 سے 2030 تک جاری رہے گا، اگر افغانستان کے راستے سے قازقستان، ازبکستان، کرغزستان اور ترکمانستان، تاجکستان کو پاکستان کی بندرگاہوں تک پہنچنے کا محفوظ اور کم خرچ رسائی مل جائے تو پاکستان کی تین اہم بندرگاہیں انتہائی مصروف ترین ہو سکتی ہیں اور پاکستان کی آمدن میں اضافہ ہو سکتا ہے، لیکن اس کے لیے پاکستان میں امن و امان کا قیام بھی ضروری ہے۔
افغانستان کی دہشت گردی کے باعث پورے وسطی ایشیا کے تجارتی رابطے متاثر ہو رہے ہیں۔ اس کے علاوہ ایران پر بین الاقوامی پابندیاں بھی اس ترقی کے روڈ میپ کے لیے رکاوٹ ہیں۔ اس اسٹرٹیجک اہداف 2035 کی منظوری سے پاکستان کے لیے بہت سے مواقع تو حاصل ہو سکتے ہیں لیکن ابھی بہت سی رکاوٹیں بھی موجود ہیں۔ ان کا جلدازجلد حل نکالنا بھی ضروری ہے۔ ایکو نے لاہور کو 2027 کا ٹورازم کیپیٹل نامزد کیا ہے۔ پاکستان کو لاہور میں سیاحت و ثقافت کی ترقی کے لیے بہت سے اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔ یہ ایک اچھا موقع ہے کہ لاہور کو سیاحتی لحاظ سے پوری دنیا میں متعارف کرایا جائے جس سے لاہور میں سیاحت کو کافی فروغ حاصل ہوگا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل