Friday, November 20, 2026
 

بچوں کی بہتر تربیت کی ضرورت

 



کیا آپ جانتے ہیں کہ ’’ڈریگ اسٹوری آور‘‘ (Drag Story Hour) کیا ہے؟ ڈریگ اسٹوری آور ایک ایسا پروگرام ہے جس میں ڈریگ فنکار بچوں کو کہانیاں پڑھ کر سناتے ہیں (یہ امریکا سے نکل کر دیگر ممالک میں عام ہو چکا ہے)۔ ڈریگ فنکار عموماً مبالغہ آمیز، شوق اور بیہودہ قسم کا لباس، تیز میک اپ، وِگ کے استعمال کے ساتھ ساتھ مخصوص اندازِ اداکاری اختیار کرتے ہیں۔ یہ فنکار بعض اوقات نسوانی اور بعض اوقات مردانہ انداز کو پرفارمنس کے ذریعے پیش کرتے ہیں۔ اس کی ایک خاصیت یہ ہے کہ مرد عورت بن کر بھی پرفارم کرتے ہیں۔ اس سرگرمی کا آغاز 2015ء میں امریکا کے شہر سان فرانسسکو میں ہوا۔ اس پروگرام کو مصنفہ مشیل ٹی اور ان کی ایک ساتھی نے متعارف کرایا۔ بعد ازاں یہ سرگرمی مختلف ممالک اور شہروں میں پھیل گئی۔ امریکی لائبریریوں میں بھی ایسے پروگرام منعقد کیے جانے لگے۔  ان پروگراموں میں بچوں کو کہانیاں پڑھ کر سنانے کے علاوہ گانے، تخلیقی سرگرمیاں اور بعض اوقات دستکاری کے کام بھی کرائے جاتے ہیں۔ گو کہ ان پروگراموں کے منتظمین کا کہنا ہے کہ ان سرگرمیوں کا مقصد بچوں میں کتابیں پڑھنے کا شوق پیدا کرنا، تخیل کو فروغ دینا اور مختلف طرز زندگی رکھنے والے افراد کے بارے میں آگاہی فراہم کرنا ہے۔ ان کے مطابق بچے کہانیوں کے ذریعے دنیا کو مختلف زاویوں سے دیکھنا سیکھتے ہیں تاہم اس سرگرمی کا ایک اہم پہلو یہ ہے کہ اس میں بعض اوقات ایسے موضوعات شامل ہوتے ہیں جن کا تعلق جنس، جنسی شناخت اور LGBTQ+ کمیونٹی (یعنی مختلف جنسی رجحانات اور صنفی شناخت رکھنے والے افراد) سے ہوتا ہے۔ یہی وہ پہلو ہے جس نے اس پروگرام کو مغربی معاشروں میں ایک متنازع موضوع بنا دیا ہے۔  چنانچہ ’’ڈریگ اسٹوری آور‘‘ کے خلاف امریکا، برطانیہ اور یورپ کے بعض دیگر ممالک میں باقاعدہ احتجاجی مظاہرے اور مہمات چلائی گئیں۔ امریکا میں 2022ء اور 2023ء کے دوران اس پروگرام کی مخالفت میں خاصا اضافہ ہوا۔ انٹرنیشنل سینیٹر فار دی اسٹڈی آف ریڈیکلائزیشن (ISD) کی 2023ء کی رپورٹ کے مطابق، جون 2022ء سے مئی 2023ء کے دوران امریکا میں ان پروگراموں کے خلاف 203 احتجاجی واقعات ریکارڈ کیے گئے۔ کیلیفورنیا میں 2022ء کے دوران ایک پروگرام کے موقع پر مظاہرین نے مداخلت کی اور توہین آمیز نعرے لگائے، جبکہ نیویارک کے علاقے میں 2023ء میں پروگرام کے مخالفین اور حامیوں کے درمیان کشیدگی پیدا ہوئی اور پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔ اسی طرح پنسلوانیا میں دھمکیوں اور سیکیورٹی خدشات کے باعث ایک پروگرام منسوخ کرنا پڑا۔ برطانیہ میں بھی مختلف مقامات پر ان پروگراموں کے خلاف مظاہرے ہوئے جہاں مخالفین نے بچوں کو صنفی شناخت اور جنسی رجحانات جیسے موضوعات سے متعارف کرانے پر اعتراض کیا۔ فن لینڈ کے دارالحکومت میں بھی احتجاج کیا گیا اور پولیس کو مداخلت کرنا پڑی۔ ان احتجاجی مظاہروں میں شریک افراد کا بنیادی موقف تھا کہ کم عمر بچوں کو جنس، جنسی شناخت اور صنفی تنوع جیسے موضوعات سے متعارف کرانے کا فیصلہ والدین کی مرضی اور بچوں کی عمر کو مدنظر رکھتے ہوئے ہونا چاہیے، جبکہ بعض مذہبی اور قدامت پسند حلقوں نے ان پروگراموں کو اپنی اخلاقی، مذہبی اور خاندانی اقدار کے منافی قرار دیا۔ واضح رہے کہ بچوں کی ذہنی نشوونما کے بارے میں ماہرین اس بات پر زور دیتے ہیں کہ ابتدائی عمر میں بچے اپنے ماحول سے بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ وہ اپنے والدین، اساتذہ اور اردگرد موجود کرداروں کو دیکھ کر مختلف تصورات قائم کرتے ہیں۔ کہانیاں، کارٹون اور تصویری مواد بھی ان کے ذہن پر اثر انداز ہوتے ہیں۔ اسی لیے بچوں کے لیے تیار کیے جانے والے تعلیمی اور تفریحی مواد کا انتخاب انتہائی اہم ہے۔ سوال یہ ہے کہ کیا بچوں کو کسی مخصوص نظریے یا طرزِ زندگی سے متعارف کرانا ان کی ذہنی تربیت پر اثر انداز ہو سکتا ہے؟ بلاشبہ تعلیم اور تربیت کے ذریعے بچوں کے تصورات تشکیل پاتے ہیں، چنانچہ ناقدین ان پروگراموں کو بچوں کی ’’برین واشنگ‘‘ قرار دیتے ہیں کہ اس کے ذریعے معصوم بچوں کے ذہنوں میں ہم جنس پرستی وغیرہ جیسے نظریات کو پروان چڑھایا جا رہا ہے۔ ڈریگ اسٹوری آور کے مخالفین کا کہنا ہے کہ بچوں کی کم عمری میں جنس اور جنسی شناخت کے پیچیدہ تصورات کو متعارف کرانا والدین کے لیے تشویش کا باعث بھی ہے۔ ان کے نزدیک بچوں کو ایسے موضوعات سے آگاہ کرنے کا طریقہ، وقت اور عمر کا تعین ضروری ہے۔ بچوں کی تربیت میں والدین کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے۔ والدین صرف بچوں کی خوراک، لباس اور تعلیم کے ذمے دار نہیں بلکہ ان کے اخلاق، کردار اور ذہنی نشوونما کے بھی ذمے دار ہیں۔ آج کے دور میں یہ ذمے داری مزید بڑھ گئی ہے کیونکہ بچوں کو صرف گھر اور اسکول ہی سے معلومات حاصل نہیں ہوتیں بلکہ انٹرنیٹ، سوشل میڈیا، ویڈیو گیمز، یوٹیوب اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارمز بھی ان کی زندگی کا حصہ بن چکے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ ڈریگ پرفارمنس صرف مغربی ممالک تک محدود نہیں رہی بلکہ مشرقِ وسطیٰ کے بعض ممالک میں بھی اس کی مثالیں سامنے آ چکی ہیں۔ لبنان اور بیروت وغیرہ میں ڈریگ فنکاروں کی پرفارمنس کا ایک نمایاں منظرنامہ موجود ہے۔  ہمارے پڑوسی ملک بھارت میں 2019ء میں بچوں کے لیے ایسی سرگرمیاں ہو چکی ہیں، یعنی مشرقی معاشروں میں بھی اب اس قسم کے نظریات عام کرنے کے لیے بچوں کے اسکولوں کا انتخاب کر لیا گیا ہے، جس سے اندازہ کیا جا سکتا ہے کہ ان نظریات کو کتنی تیزی سے دنیا بھر میں پھیلانے کی کوشش کی جا رہی ہے اور ظاہر ہے کہ پاکستان بھی اس سے محفوظ نہیں رہ سکتا۔ پاکستان میں بچوں کے لیے اگرچہ کوئی سرگرمی بظاہر سامنے نہیں آئی ہے، والدین کو چاہیے کہ وہ اپنے بچوں کے مطالعے، تفریح اور تعلیمی سرگرمیوں سے باخبر رہیں۔ بچے کسی بھی معاشرے کا مستقبل ہوتے ہیں۔ ان کی ذہنی، اخلاقی اور فکری تربیت پر ہی آنے والی نسلوں کے کردار اور معاشرتی اقدار کا انحصار ہوتا ہے۔ بچپن زندگی کا وہ مرحلہ ہے جس میں انسان اپنے اردگرد کے ماحول، والدین، اساتذہ، کہانیوں، تصاویر، کارٹونز اور مختلف سرگرمیوں سے متاثر ہو کر اپنے تصورات تشکیل دیتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بچوں کی تعلیم و تربیت کو ہمیشہ سے اہمیت حاصل رہی ہے۔ والدین اپنے بچوں کو اچھے اخلاق سکھانے، ان میں احترام، محبت، سچائی اور ذمے داری کا احساس پیدا کرنے کے لیے مختلف طریقے اختیار کرتے ہیں۔ لیکن جب بچوں کی ذہنی تربیت کے لیے ایسے طریقے اپنائے جائیں جن کے نظریاتی اور اخلاقی پہلو معاشرے میں اختلاف کا باعث ہوں تو اس پر سنجیدہ بحث کی ضرورت محسوس ہوتی ہے۔پاکستان میں بچوں کی تربیت کے حوالے سے پہلے ہی کئی اہم مسائل موجود ہیں۔ بچوں کی تعلیم تک رسائی، اسکولوں میں معیارِ تعلیم، جسمانی و ذہنی صحت، بچوں سے بدسلوکی، آن لائن استحصال اور سوشل میڈیا کے غیر مناسب مواد جیسے مسائل پر ہماری توجہ لازمی ہونی چاہیے۔ عالمی سطح پر تعلیمی اور ثقافتی سرگرمیوں کے اثرات کو سمجھنا ضروری ہے، لیکن اپنی قومی، مذہبی اور ثقافتی اقدار کے مطابق بچوں کی تربیت کا نظام تشکیل دینا بھی ہماری ذمے داری ہے۔ ڈریگ اسٹوری آور جیسی سرگرمیوں کے حوالے سے یہ سمجھنا ضروری ہے کہ بچوں کے لیے تیار کیے جانے والے مواد کا انتخاب محض تفریح یا مطالعے کی بنیاد پر نہیں بلکہ عمر، ذہنی استعداد، اخلاقی اقدار اور والدین کی ذمے داری کو سامنے رکھ کر کیا جانا چاہیے۔ اس میں ذرا سی غلطی ہمارے گھرانے اور سماج کو پلٹ کر رکھ سکتی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل