Loading
بین الاقوامی ایجنسیوں کو مطلوب مبینہ ہیکر دانش پرویز عرف ’’ٹیٹو مین‘‘ نے گھر کے اندر گلے پر چھری پھیر کر مبینہ طور پر خودکشی کی کوشش کی، جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگیا۔ اہل خانہ نے اسے فوری طور پر جناح اسپتال منتقل کیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔
ذرائع کے مطابق دانش پرویز عرف ٹیٹو مین کو اس سے قبل نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے گرفتار کیا تھا، تاہم وہ ضمانت پر رہا تھا۔ ملزم نے محمود آباد میں واقع اپنے گھر کے اندر مبینہ طور پر گلے پر چھری پھیرلی۔
اہل خانہ اسے زخمی حالت میں جناح اسپتال لے کر پہنچے جہاں ڈاکٹروں کی جانب سے اس کے گلے کا آپریشن کیا جارہا ہے۔این سی سی آئی اے حکام کا کہنا تھا کہ دانش پرویز بظاہر فوڈ ڈیلیوری کا کام کرتا تھا، تاہم وہ ہیکنگ کی سرگرمیوں میں ملوث تھا اور کئی برس سے ڈارک ویب پر حساس ڈیٹا فروخت کررہا تھا۔
این سی سی آئی اے حکام نے ملزم کی گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس میں انکشاف کیا تھا کہ دانش پرویز عرف ٹیٹو مین کو غیر ملکی ایجنسیاں بھی تلاش کررہی تھیں۔
حکام کے مطابق ملزم حساس معلومات اور ڈیٹا ڈارک ویب پر فروخت کرتا تھا اور اس کے عوض ادائیگیاں ڈیجیٹل کرنسی میں وصول کرتا تھا۔ تاہم دانش پرویز کے انتہائی اقدام کی وجوہات فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل