Saturday, November 21, 2026
 

کراچی : مبینہ پولیس مقابلوں میں 5 زخمیوں سمیت 6 ملزمان گرفتار، 1 فرار

 



مختلف علاقوں میں پولیس اور مسلح ملزمان کے درمیان  مبینہ مقابلوں کے دوران 6 ملزمان کو گرفتار کرلیا گیا، جبکہ ایک ملزم فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان بازار کے علاقے جرمن گراؤنڈ کے قریب پولیس اور شاہین فورس کا موٹرسائیکل سوار مسلح ملزمان سے مقابلہ ہوا۔ ایس ایس پی ویسٹ طارق الٰہی مستوئی کے مطابق پولیس اور ملزمان کے درمیان دوطرفہ فائرنگ کے نتیجے میں 3 ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کرلیے گئے جبکہ ان کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔ زخمی ملزمان کی شناخت نعمان ولد اشتیاق احمد، بلال عرف گلو بٹ ولد عبدالستار اور احسان ولد عبداللہ کے ناموں سے ہوئی۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے غیر قانونی اسلحہ، ایمونیشن، چھینے گئے موبائل فونز اور نقدی برآمد کرلی جبکہ جائے وقوعہ سے گولیوں کے خول بھی تحویل میں لے لیے گئے۔ ملزمان کے زیر استعمال موٹرسائیکل بھی قبضے میں لے لی گئی۔ زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ فرار ملزم کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب حیدری مارکیٹ تھانے کی حدود نارتھ ناظم آباد بلاک ایچ میں الفلاح گراؤنڈ کے قریب پولیس اور اسٹریٹ کرمنل کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک ملزم زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا۔ ایس ایس پی سینٹرل ڈاکٹر محمد عمران خان کے مطابق گرفتار ملزم کی شناخت محمد عثمان عرف شبو ولد غلام حیدر کے نام سے ہوئی۔ زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ اس کے سابقہ مجرمانہ ریکارڈ اور دیگر وارداتوں میں ملوث ہونے سے متعلق تحقیقات کی جارہی ہیں۔ علاوہ ازیں کورنگی صنعتی ایریا تھانے کی حدود صائمہ بند پٹی کے قریب پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان مقابلے میں 2 ملزمان گرفتار کرلیے گئے، جن میں سے ایک زخمی ہے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کی شناخت علی شیر اور رحمت کے ناموں سے ہوئی۔ علی شیر فائرنگ کے تبادلے میں زخمی ہوا۔ پولیس نے ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، گولیاں، چھینے گئے موبائل فونز اور موٹرسائیکل برآمد کرلی۔ زخمی ملزم کو اسپتال منتقل کردیا گیا جبکہ گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل