Loading
نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کا کہنا ہے کہ نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ عوام کا آئینی اور جمہوری حق ہے لیکن صوبوں کی تعداد چار سے بڑھا کر 8 یا 12 بھی کر دی جائے تو بھی مسائل حل نہیں ہوں گے۔
لاہور کے مقامی ہوٹل میں ‘‘اختیار کس کے پاس ہے؟ جمہوریت، آئین کی بالادستی اور ادارہ جاتی احتساب‘‘ کے موضوع پر قومی مکالمے سے خطاب کرتے ہوئے لیاقت بلوچ نے کہا کہ انتظامی یونٹس چھوٹے کرنا آئین اور جمہوریت کی مخالفت نہیں، البتہ انتظامی یونٹس چھوٹے کرنے کے باوجود سیاسی کشمکش میں اضافہ ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ آئین پر عمل درآمد، آزاد عدلیہ اور گڈ گورننس کے بغیر نئے صوبوں کا قیام بے نتیجہ ہوگا، سیاسی نظام خاندانوں کے چنگل سے باہر نہیں نکل رہا۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ بااختیار مقامی حکومتوں کا نظام قائم کرنا ناگزیر ہے، آئین مقامی حکومتوں کو اختیارات کی منتقلی کا تقاضا کرتا ہے۔ مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی اور تحریک انصاف کوئی بھی با اختیار بلدیاتی نظام دینے کو تیار نہیں۔
نائب امیر جماعت اسلامی نے مطالبہ کیا کہ نئے صوبوں کے ساتھ با اختیار بلدیاتی نظام بھی قائم کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں اور کالجوں میں طلبہ کو جمہوری حقوق حاصل نہیں، 18 سال کا نوجوان ووٹ کے ذریعے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کر سکتا ہے لیکن جامعات میں اپنی قیادت منتخب نہیں کر سکتا، طلبہ کو جامعات اور کالجوں میں اپنی قیادت منتخب کرنے کا جمہوری حق دیا جائے۔
لیاقت بلوچ کا کہنا تھا کہ نئی نسل کو جمہوری عمل میں شریک کیے بغیر نئی قیادت سامنے نہیں آ سکتی، خاندانوں کی اجارہ داری اور مفاد پرست طبقے کی حکمرانی ختم کرنے کے لیے اختیارات نچلی سطح پر منتقل کرنا ہوں گے، ملک میں نئی قیادت کے فروغ کے لیے بلدیاتی نظام اور طلبہ یونینز کا قیام ضروری ہے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل