Tuesday, November 24, 2026
 

پنجاب کو پہلے جادوٹونے سے چلایا جارہا تھا لیکن آج یہ ٹرینڈ سیٹر ہے، مریم نواز

 



پنجاب کی وزیراعلیٰ مریم نواز نے راولپنڈی میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالر شپ تقریب میں بارانی یونیورسٹی کے لیے ہوسٹل بنانے اور پنجاب بھر میں مزید 5 ہزار گرین بسیں لانے اور اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کو 5 لاکھ گھروں تک لے جانے کا اعلان کردیا اور کہا کہ پنجاب کو پہلے جادو ٹونے سے چلایا جا رہا تھا لیکن آج یہ ٹرینڈ سیٹر ہے۔  پیر مہر علی شاہ بارانی یونیورسٹی راولپنڈی میں لیپ ٹاپ اور ہونہار اسکالر شپ کی 12 ویں تقسیم تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ مریم نواز نے کہا کہ پنجاب کی وزرات اعلیٰ سنبھالے ہوئے پورے ایک ہزار دن ہوگئے ہیں، تین سال پہلے والا پنجاب نہیں رہا، اب ہر شہر میں ترقیاتی کام ہورہے ہیں، ایک ہزار دن میں بہت سے بڑے ترقیاتی پراجیکٹس اللہ تعالیٰ کی مدد اور عوام کی سپورٹ سے شروع کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت میں جادو ٹونے، جھاڑ پھونک اور موکل کے ذریعے سے حکومتی نظام چلائے جارہے تھے لیکن آج ستھرا پنجاب منصوبہ پورے صوبے میں ہرشہر، گاؤں، محلوں، گلیوں اور سڑکوں میں دو لاکھ کی فورس صاف بنارہا ہے، آزاد جموں و کشمیر میں نئی حکومت نے ستھرا پنجاب کی طرز پر ستھرا آزاد جموں کشمیر کے نام سے پروگرام شروع کیا ہے، ہزار دنوں میں ستھرا پنجاب کا ہر شہر میں اپنی فورس، مشینری، ڈیجیٹائزسسٹم موجود ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اب ستھرا پنجاب کے باعث پورا صوبہ نکھرا ہوا نظر آرہا ہے، پنجاب دیگر صوبوں کے لیے ٹرنیڈ سیٹر اور ٹرینڈ میکر ہے، پنجاب کو موکلوں کے شر سے نکال کر جدید خطوط پر استوار کیا۔ ستھرا پنجاب کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ کل بھی تفصیلی اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے ہیں، ہزار دنوں میں گلیاں محلے صاف کرنے کے بعد ہزاروں ٹن کوڑے کو انرجی میں تبدیل کرنے جارہے ہیں، اگلے ہزار دنوں میں کوڑے، ویسٹ کے ذریعے انرجی کے پاور پلانٹ لگانے جارہے ہیں، ہزار دنوں میں 1100گرین بسیں پنجاب کے ہر شہر میں دوڑ رہی ہیں، ہزار دنوں میں تقریباً ایک بس کو پنجاب کے شہریوں کے لیے لانچ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ گرین بسوں میں تمام خواتین، بچے، بزرگ عزت اور حفاظت کے ساتھ سفر کررہے ہیں،  خواتین، طالب علموں اور بزرگ حضرات کے لیے گرین بس کا سفر بالکل فری ہے، پٹرولیم مصنوعات کے مہنگے ہونے کے باوجود گرین بس کا 20 روپے کرایہ برقرارہے۔ ان کا کہنا تھا کہ  گرین بسوں میں بچوں کے ہوم ورک کرنے کی ویڈیو بھی دیکھی ہے،گرین بسیں فری وائی فائی اور موبائل چارجز سے لیس ہیں، راولپنڈی میں 80 گرین بسیں چلانے جارہے ہیں، اگلے چند ماہ میں تین ہزار گرین بسیں پنجاب کی 150تحصیلوں میں نظر آئیں گی، تمام شہروں میں گرین بسوں کے ساتھ یکساں کلرکے بس اسٹینڈ بھی بنائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنڈی، گوجرانوالہ، رحیم یار خان، چنیوٹ، مظفرگڑھ، وہاڑی، چکوال میں ایک طرز کی گرین بسیں چل رہی ہیں، میری نظر میں تمام شہر، تحصیل کے تمام لوگ قابل عزت ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ ہزار دنوں میں اپنی چھت، اپنا گھر پروگرام کے تحت ڈھائی لاکھ تک گھر بن چکے ہیں، پنجاب میں تقریباً50 ہزار کلومیٹر سڑکوں کی تعمیر ومرمت کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پورے پنجاب میں کیتھ لیب اور کارڈیالوجی سینٹرز کا جال بچھا دیا ہے، کیتھ لیب اور کارڈیالوجی سینٹرز میں مہنگے اسپتالوں جیسی سہولیات دے رہے ہیں، پنجاب کے تمام اسپتالوں میں ادویات اور علاج معالجہ بالکل فری ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں بڑے شہروں سے لوگ چھوٹے شہروں میں علاج معالجہ کے لیے آرہے ہیں، لاہور میں نواز شریف کینسر اسپتال کا کام تیزی سے جاری ہے، ملتان کے نشتر اسپتال میں کینسر یونٹ کا افتتاح کر دیا جہاں علاج معالجہ جاری ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ راولپنڈی سمیت تمام ڈویژن میں اگلے 18 ماہ میں کینسر ٹریٹمنٹ یونٹ بن جائیں گے، چنیوٹ، بھکر، رحیم یارخان اور گوجرانوالہ کے مریض کا علاج اس کے اپنے شہر میں ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ ہزار دنوں کے اندر ایک ہزار کلینک آن ویل کے ذریعے چار کروڑ لوگوں کا علاج معالجہ کیا گیا ہے، مستحق افراد کو ان کی دہلیز پر دو ماہ کی ادویات مفت پہنچا رہے ہیں، پہلے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو جانوروں کی طرح ڈیل کیا جاتا تھا لیکن اب سرکاری اسپتالوں میں شہریوں سے بہتر سلوک ہوتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک ہزار دن میں سرگودھا، مری اور ساہیوال میں بہترین کارڈیالوجی اسپتال بن چکے ہیں، جناح انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی لاہور فعال ہوچکا ہے، وزارت اعلیٰ کا عہدہ سنبھالا تو 15 ہزار بچوں کی ہارٹ سرجری کی لسٹ دی گئی، آج الحمدللہ 15 ہزار بچوں کی ہارٹ سرجری مکمل ہونے کے بعد مزید 3 ہزار بچوں کی کامیاب سرجری کر دی گئی ہے۔ صوبے میں طبی حوالے سے اقدامات پر انہوں نے کہا کہ فالج کے مریض کو 8 گھنٹے کے اندر اندر چار لاکھ روپے کا ٹی این کے کا انجکشن مفت لگایا جا رہا ہے، اب پنجاب میں ایمبولینس مریضوں کو پک اینڈ ڈراپ مفت دے رہی ہے، آپ کی گلیوں، محلوں، سیوریج، ڈرینج کے لیے کسی حکمران کے اتنے پیسے نہیں لگائے، سیوریج، ڈسپوزل اور ڈرینج پر 500 ارب روپے خرچ کررہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ بارش ہونے کے دو گھنٹے بعد نکاسی کا عمل مکمل ہوتا ہے، ڈیرہ غازی خان میں سیوریج اور ڈرینج ڈال دی ہیں،  پورے پنجاب میں بازاروں، سڑکوں، گلیوں کی بیوٹیفکیشن کی جا رہی ہے، تین سال پہلے پنجاب کے تمام شہر ٹوٹے، پھوٹے، گندگی کے ڈھیر تھے لیکن اب یکساں تبدیلی آرہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں 24ہزار گاؤں ہیں جن میں سے تین ہزار گاؤں کو بہترین بنانے جارہے ہیں، بچوں اور خواتین سے زیادتی کرنے والے ملزمان کو چند گھنٹوں میں پکڑ لیا جاتا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل