Thursday, November 26, 2026
 

بھارت نے شیخ حسینہ کی بنگلادیش واپسی کو حوالگی کی درخواست سے الگ معاملہ قرار دے دیا

 



بھارت نے بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی وطن واپسی کے معاملے کو ڈھاکا کی جانب سے ان کی حوالگی کی درخواست سے الگ قرار دے دیا ہے۔ خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان رندھیر جیسوال نے کہا کہ کسی شہری کی جانب سے سفری دستاویز کے ذریعے رضاکارانہ طور پر اپنے ملک واپس جانے کا معاملہ حوالگی کی درخواست سے مختلف ہے۔ شیخ حسینہ نے اعلان کیا ہے کہ وہ بھارت میں دو سال سے زائد عرصے کی جلاوطنی کے بعد 16 دسمبر کو بنگلہ دیش واپس جانے کا ارادہ رکھتی ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیشی حکومت کا مؤقف ہے کہ انہیں صرف حوالگی کے قانونی عمل کے ذریعے ہی واپس لایا جاسکتا ہے۔ شیخ حسینہ اگست 2024 میں اپنی حکومت کے خلاف طلبہ کی خونریز تحریک کے بعد ڈھاکا سے فرار ہوکر بھارت چلی گئی تھیں اور تب سے وہیں مقیم ہیں۔ رواں ماہ انہوں نے وطن واپسی کے لیے نئے پاسپورٹ اور شناختی کارڈ کی درخواست بھی دی تھی، تاہم بنگلہ دیشی حکومت نے ان کی پاسپورٹ کی درخواست مسترد کردی۔ بنگلہ دیش میں شیخ حسینہ کو گزشتہ سال ایک عدالت نے ان کی غیر موجودگی میں سزائے موت سنائی تھی۔ عدالت نے انہیں طلبہ کی تحریک کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دینے کے جرم میں سزا دی تھی۔ بھارتی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا کہ نئی دہلی بنگلہ دیش کی حوالگی کی درخواست کا جائزہ اپنے طے شدہ طریقہ کار کے مطابق لے رہا ہے۔ تاہم انہوں نے اس معاملے پر مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔ شیخ حسینہ کی پاسپورٹ درخواست مسترد ہونے کے بعد بنگلہ دیش اور بھارت کے درمیان اس معاملے پر نئی کشیدگی پیدا ہوگئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل