Thursday, November 26, 2026
 

کراچی: ایڈمن سوسائٹی عمارت حادثہ، 17 لاپتا افراد کی فہرست سامنے آگئی

 



بلوچ کالونی کے قریب کراچی ایڈمنسٹریٹو ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے بلاک 4 میں 6 منزلہ عمارت گرنے کے بعد لاپتا 17 افراد کی فہرست سامنے آئی ہے۔ متاثرہ خاندانوں نے ضلعی انتظامیہ کو لاپتا افراد کی فہرست فراہم کردی ہے، جن کی عمریں 13 سے 35 سال کے درمیان ہیں۔ اہل خانہ کو خدشہ ہے کہ ان کے پیارے اب بھی عمارت کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ فہرست کے مطابق لاپتا افراد میں محمد وقاص (21)، محمد علی (20)، علی حسن (17)، محمد جبران (30)، وقاص نور (25)، عادل شیر (25)، عباس جعفری (30)، علی شیر (13)، نور احمد (31)، محمد حجیب (30)، محمد ارسلان (17)، عرفان (28)، مفید (22)، اللہ دتو (22)، عابد علی (35)، صغیر علی (18) اور حسیب علی (30) شامل ہیں۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز پیش آنے والے اس افسوس ناک حادثے میں اب تک 3 افراد کی لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ 14 زخمیوں کو اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ ابتدائی اطلاعات میں بتایا گیا تھا کہ عمارت میں کام کے دوران 30 سے 40 مزدور موجود تھے۔ دوسری جانب واقعے کا مقدمہ درج کرکے 4 نامزد ملزمان کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے 8 افسران کو معطل کردیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات کے مطابق عمارت کی تعمیر صرف گراؤنڈ پلس ایک منزل کی منظور شدہ تھی، تاہم مبینہ طور پر چھ منزلیں تعمیر کی گئیں۔ ریسکیو ٹیموں کی جانب سے ملبے میں دبے افراد کی تلاش جاری ہے، جبکہ لاپتا افراد کے اہل خانہ اپنے پیاروں کی بازیابی کے منتظر ہیں۔ ریسکیو 1122 (سندھ) کے مطابق بلوچ کالونی، شاہراہِ فیصل کے قریب منہدم ہونے والی عمارت کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔  ٹیمیں عمارت کے دو اطراف سے سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں اور کارروائی کو مزید مؤثر بنانے کے لیے عمارت کے تیسرے رخ پر واقع خالی پلاٹ کی دیوار گرا کر راستہ بنایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق خالی پلاٹ کی جانب سے بھاری مشینری جائے وقوع پر پہنچا دی گئی ہے تاکہ ملبہ ہٹانے اور سرچ آپریشن میں معاونت حاصل کی جاسکے۔ ریسکیو 1122 کی ایک ٹیم نے منہدم عمارت کے اندر رسائی حاصل کرلی ہے اور اندرونی حصے میں بھی سرچ آپریشن جاری ہے۔  ریسکیو 1122 کی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم جدید آلات اور بھاری مشینری کی مدد سے ملبے تلے دبے ممکنہ افراد کی تلاش میں مصروف ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل