Loading
سندھ کی بڑی سرکاری جامعات کا عالمی درجہ بندی (ورلڈ رینکنگ) میں مسلسل زوال پذیر ہونے کا انکشاف ہوا ہے اور وفاق و صوبائی حکومتوں سے اربوں روپے سالانہ گرانٹ لینے والی یہ سرکاری جامعات درجہ بندی میں ابتدائی 1 ہزار جامعات کی کیٹگری سے بھی باہر نکل گئی ہیں۔
سندھ کی اب کوئی بھی سرکاری یونیورسٹی ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی جانب سے جاری کردہ نئی درجہ بندی برائے سال 2027 میں شامل نہیں ہے۔
یہ انکشاف ٹائمز ہائر ایجوکیشن کی سال 2027 کے لیے کی گئی عالمی رینکنگ میں سامنے آیا ہے۔ عالمی درجہ بندی میں تنزلی کا شکار ہونے والی 5 جامعات میں سکھر آئی بی اے یونیورسٹی، این ای ڈی یونیورسٹی، دائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز، مہران انجینئرنگ یونیورسٹی اور جامعہ کراچی شامل ہے جو گزشتہ 3 اور 4 برسوں میں عالمی درجہ بندی میں مسلسل زوال پذیر ہیں۔
"ایکسپریس " کی جانب سے اس سلسلے میں کی گئی تحقیق میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ سکھر آئی بی اے 2027 کی درجہ بندی میں 200 سے زائد درجہ کم ہوکر 1 ہزار سے 1200 کی کیٹگری میں آگئی جبکہ سال 2025 اور 2026 میں سکھر آئی بی اے 601 سے 800 کی کیٹگری میں تھی اس طرح آئی بی اے سکھر 200 سے 400 درجے تک زوال کا شکار ہے۔
اسی طرح این ای ڈی یونیورسٹی 2027 کے لیے نئی درجہ بندی میں سیکڑوں درجے کم ہوکر 1801 سے 2000 کی کیٹگری میں ہے جبکہ 2026 اور اس سے قبل کے برسوں میں این ای ڈی یونیورسٹی 1501 پلس شمار ہوتی تھی۔
اعلی تعلیمی ذرائع بتاتے ہیں کہ جب کوئی یونیورسٹی مسلسل زوال کا شکار ہو تو "پلس" کی اصطلاح سے اسے نکال کر اس کا نیا درجہ ظاہر کیا جاتا ہے۔ واضح رہے کہ درجہ بندی میں این ای ڈی کا زوال ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب یونیورسٹی کے وائس چانسلر ڈاکٹر طفیل احمد ہیں جبکہ قبل ازیں ڈاکٹر سروش لودھی کے دور سربراہی میں یونیورسٹی 1500 پلس پر برقرار تھی۔
علاوہ ازیں درجہ بندی میں زوال کا شکار جامعات میں کراچی میں قائم سندھ کی ایک اور یونیورسٹی دائو میڈیکل یونیورسٹی ہے 2027 کی رینکنگ میں دائو یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز 1601 سے 1800 کی کیٹگری میں ہے جبکہ 2026 اور اس سے پہلے کے برسوں میں دائو یونیورسٹی بھی 1501 پلس کے درجے میں تھی۔
مزید براں 2027 میں مہران انجینئرنگ یونیورسٹی بھی سیکڑوں درجے گرنے کے بعد 1401 سے 1600 کی کیٹگری میں شامل ہوگئی ہے جبکہ 2024 میں مہران یونیورسٹی 1001 سے 1200 اور 2025 اور 2026 میں کم ہوکر 1201 سے 1500 کی کیٹگری میں تھی۔
ادھر حالیہ ورلڈ رینکنگ جامعہ کراچی بھی 1601 سے 1800 میں ہے۔ اس سے پہلے کے برسوں میں جامعہ کراچی 1501 پلس کی کیٹگری میں تھی۔
واضح رہے کہ سندھ حکومت سرکاری جامعات کا سالانہ بجٹ 41 ارب سے بڑھاکر 45 ارب روپے کرچکی ہے، اضافے کے بعد سکھر آئی بی اے کی صوبائی گرانٹ صرف 3 ہزار طلبہ میں پونے 3 ارب روپے کے قریب ہے۔
سکھر آئی بی اے کے میرپور خاص کیمپس کے لیے 5 کروڑ ، گھوٹکی کیمپس کو 5 کروڑ 50 لاکھ روپے، ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے لیے 12 کروڑ 82 لاکھ روپے، انجینئرنگ کالج خیرپور کے لیے 11 کروڑ اور کندکوٹ کیمپس کے لیے بھی 11 کروڑ روپے کی گرانٹ مختص ہے۔
این ای ڈی کی صوبائی گرانٹ 2 ارب 83 کروڑ روپے ہے، داؤد یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کی صوبائی گرانٹ 1 ارب 42 کروڑ سے زائد ہے، مہران یونیورسٹی کی صوبائی گرانٹ 2 ارب 36 کروڑ روپے ہے۔
جامعہ کراچی کی صوبائی گرانٹ مع انسٹی ٹیوٹس اضافے کے بعد 4 ارب سے زائد ہے جامعہ کراچی کی انرولمنٹ 49 ہزار ہے یونیورسٹی کے سینٹر آف ایکسیلنس میرین بیالوجی کے لیے 5 کروڑ روپے، شیخ زید سینٹر کے 5 کروڑ، ایریا اسٹڈی سینٹر برائے یورپ کے 5 کروڑ، تھرڈ ورلڈ سینٹر کے 5 کروڑ، آئی سی سی بی ایس کے 11 کروڑ، اطلاق معاشیات(اپلائیڈ اکنامکس) کے ساڑھے 5 کروڑ، kIBGE کے 5 کروڑ اور کلینیکل سائیکالوجی کے لیے 3 کروڑ روپے مختص ہیں۔
ادھر سندھ یونیورسٹی جامشورو اپنی عدم دلچسپی کے سبب ٹائم ہائر ایجوکیشن کی درجہ بندی میں شامل نہیں جبکہ سندھ یونیورسٹی جامشورو کی سالانہ صوبائی گرانٹ بھی اضافے کے بعد پونے 4 ارب کے قریب ہے۔
اس یونیورسٹی میں طلبہ کی انرولمنٹ 40 ہزار کے لگ بھگ ہے یونیورسٹی کے نوشہرو فیروز کیمپس ، بدین کیمپس، دادو، کیمپس، ٹھٹھہ کیمپس، پاکستان اسٹڈی سینٹر، نیشنل سینٹر آف اینیلیٹکل کیمسٹری اور ایریا اسٹڈی سینٹر فار ایسٹ سمیت تمام مذکورہ کیمپس اور انسٹی ٹیوٹس کے لیے علیحدہ علیحدہ 5/5 کروڑ روپے مختص ہیں ۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل