Thursday, November 26, 2026
 

وفاقی آئینی عدالت، اسلام آباد ہائیکورٹ کل بند رہے گی

 



وفاقی آئینی عدالت اور اسلام آباد ہائی کورٹ وفاقی دارالحکومت میں ریڈ زون کی بندش کے باعث وکلا، سائلین اور عدالتی افسران کو ممکنہ مشکلات کے پیش نظر بند رہے گی۔ وفاقی آئینی عدالت کے چیف جسٹس کی منظوری سے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کیا گیا ہے اور نوٹیفکیشن ڈپٹی رجسٹرار ایڈمن ارشد حسین کے دستخط سے جاری کیا گیا ہے۔ وفاقی آئینی عدالت کے رجسٹرار آفس کی طرف سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریڈ زون کی بندش کے باعث وکلا، سائلین اور عدالتی افسران کو ممکنہ مشکلات کے سبب چھٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور 27 نومبر کی وفاقی آئینی عدالت اسلام آباد کی کاز لسٹ منسوخ کردی گئی ہے۔ عدالت کی جانب سے عدالتی افسران اور عملے کو گھر سے کام کرنے اور اسلام آباد اسٹیشن نہ چھوڑنے کا ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے، وفاقی آئینی عدالت کی صوبائی رجسٹری برانچز میں عدالتی و انتظامی کام جاری رہے گا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کل بند رہے گی اسلام آبادہائی کورٹ کے چیف جسٹس سرفراز ڈوگر کی منظوری سے رجسٹرار رائے محمد خان نے چھٹی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ ریڈ زون کی بندش کے باعث وکلا، سائلین اور عدالتی افسران کو ممکنہ مشکلات کے سبب چھٹی کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کل 27 نومبر کی اسلام آباد ہائی کورٹ کی کاز لسٹ منسوخ کردی گئی ہے۔ اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے جاری ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ عدالتی افسران و عملے کو گھر سے کام کرنے اور اسلام آباد اسٹیشن نہ چھوڑنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ اسلام آباد میں مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کے تحت پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ سطح کے وفد کا اجلاس ہوگا، جس کے پیش نظر ریڈ زون سمیت اہم شاہراہیں عام ٹریفک کے لیے بند کردی گئی ہیں اور اسلام آباد ٹریفک پولیس نے ایڈوائزری بھی جاری کردی ہے۔ اجلاس میں سعودی عرب اور ترکیہ کے وزرائے خارجہ اور وزرائے دفاع شرکت کر رہے ہیں، پاکستان کے وفد میں نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور اعلیٰ عسکری حکام شریک ہوں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل