Thursday, November 26, 2026
 

واٹس ایپ میں میسجز شیڈول کرنے کا فیچر متعارف، طریقہ جانیے

 



واٹس ایپ نے صارفین کی ایک دیرینہ خواہش پوری کرتے ہوئے میسجز شیڈول کرنے کا فیچر متعارف کرانے کا اعلان کردیا ہے۔ اس سہولت کے ذریعے اب صارفین کسی بھی پیغام کو فوری بھیجنے کے بجائے اس کی تاریخ اور وقت پہلے سے مقرر کرسکیں گے، جس کے بعد پیغام خودکار طور پر متعلقہ چیٹ میں پہنچ جائے گا۔ میٹا کی زیرِ ملکیت میسجنگ ایپ میں اب تک یہ سہولت موجود نہیں تھی، تاہم نئے فیچر کے تحت انفرادی اور گروپ چیٹس دونوں میں پیغامات شیڈول کیے جاسکیں گے۔ اس میں صرف تحریری پیغامات ہی نہیں بلکہ لنکس، تصاویر اور ویڈیوز بھی شامل ہوں گی۔ اس فیچر کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی سادہ رکھا گیا ہے۔ صارف کو مطلوبہ پیغام لکھنے کے بعد سینڈ کے نشان کو معمول کے مطابق دبانے کے بجائے اسے کچھ دیر دبا کر رکھنا ہوگا۔ اس کے بعد ایک ونڈو سامنے آئے گی، جہاں پیغام بھیجنے کی تاریخ اور وقت منتخب کیا جاسکے گا۔ مقررہ وقت آنے پر پیغام خود بخود ڈیلیور ہوجائے گا۔ صارفین اپنے شیڈول کیے گئے پیغامات چیٹ انفارمیشن اسکرین میں دیکھ سکیں گے اور ضرورت پڑنے پر انہیں حذف بھی کرسکیں گے۔ دستیاب تفصیلات کے مطابق پیغام بھیجنے کا وقت موجودہ وقت سے کم از کم 10 منٹ اور زیادہ سے زیادہ دو ہفتے آگے تک مقرر کیا جاسکے گا۔ تاہم یہ سہولت ہر صارف کو فوری طور پر دستیاب نہیں ہوگی۔ اگر سینڈ آئیکون کو دبا کر رکھنے پر شیڈولنگ کا آپشن نظر نہ آئے تو اس کا مطلب ہے کہ فیچر ابھی متعلقہ اکاؤنٹ تک نہیں پہنچا۔ کمپنی کے مطابق اس کی عالمی سطح پر فراہمی شروع کردی گئی ہے اور آئندہ چند ہفتوں کے دوران اسے تمام صارفین کے لیے دستیاب کردیا جائے گا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل