Thursday, November 26, 2026
 

شیخ حسینہ کی واپسی؛ امریکی عہدیدار کی بنگلا دیش کی حکومت کو کھلی دھمکی

 



بنگلا دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی بھارت سے وطن واپسی کے اعلان کے بعد امریکا کے سابق محکمہ دفاع کے عہدیدار مائیکل روبن نے ڈھاکا حکومت کو خبردار کیا ہے کہ واپسی پر شیخ حسینہ کو کوئی نقصان پہنچا تو وزیراعظم طارق رحمان اور ان کی حکومت کو اس کا ذمہ دار ٹھہرایا جائے گا۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق مائیکل روبن نے نیویارک میں بنگلا دیش کے مستقبل سے متعلق ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر شیخ حسینہ کے سر کا ایک بال بھی بیکا ہوا تو اس کی مکمل ذمہ داری بنگلا دیشی حکومت پر عائد ہوگی۔ انھوں نے امریکی سفیر اور دیگر ممالک کے سفارت کاروں پر بھی زور دیا کہ وہ ڈھاکا کو یہی پیغام پہنچائیں۔ روبن نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ بنگلا دیشی حکام کے ساتھ کوئی سمجھوتا نہ کرے اور شیخ حسینہ کی حمایت جاری رکھے۔ یاد رہے کہ حسینہ واجد نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ وہ 16 دسمبر کو اپنے وطن بنگلا دیش واپس جائیں گی۔ شیخ حسینہ واجد 2024 میں طلبا کی قیادت میں ہونے والی عوامی تحریک کے بعد ملک چھوڑ کر بھارت فرار ہوگئی تھیں۔ دوسری جانب بنگلا دیشی وزیر خارجہ شاما عبید اسلام نے کہا ہے کہ شیخ حسینہ کو واپسی پر گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جائے گا کیونکہ انھیں سزائے موت سنائی جاچکی ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ شیخ حسینہ واجد کو واپس لانے کے لیے بھارت سے طیارے کی فراہمی پر کوئی باضابطہ بات چیت نہیں ہوئی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل