Friday, November 27, 2026
 

پنجاب حکومت نے تلور کے شکار کے لیے دو ماہ کی عارضی اجازت دے دی

 



پنجاب حکومت نے رواں موسم سرما میں تلور (ہوبارا بسٹرڈ) کے محدود شکار کی اجازت دینے کے لیے اس پر عائد سال بھر کی قانونی پابندی عارضی طور پر دو ماہ کے لیے ختم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔ منظوری کابینہ کی قانون سازی اور نجکاری سے متعلق قائمہ کمیٹی کے 42ویں اجلاس میں دی گئی، جس کی صدارت صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کی۔ محکمہ جنگلی حیات و پارکس پنجاب نے تلور کو سال بھر تحفظ فراہم کرنے والے تھرڈ شیڈول سے عارضی طور پر نکال کر شکار کی اجازت والے فرسٹ شیڈول میں شامل کرنے کی تجویز پیش کی تھی، جسے کمیٹی نے منظور کرلیا۔ وائلڈلائف حکام کے مطابق کمیٹی کے فیصلے موصول ہونے کے بعد متعلقہ قانونی کارروائی مکمل کرتے ہوئے تلور کو تھرڈ شیڈول سے فرسٹ شیڈول میں شامل کیا جائے گا، جس کے بعد مخصوص مدت کے لیے محدود شکار کی اجازت ممکن ہوگی۔ پنجاب وائلڈلائف (پروٹیکشن، پریزرویشن، کنزرویشن اینڈ مینجمنٹ) ایکٹ 1974 کے تحت تلور تھرڈ شیڈول میں شامل ہے، جس کے باعث اسے معمول کے حالات میں سال بھر شکار سے تحفظ حاصل ہے۔ تاہم، قانون کی دفعہ 45(i) حکومت کو اختیار دیتی ہے کہ سرکاری گزٹ نوٹیفکیشن کے ذریعے کسی جنگلی جانور یا پرندے کو مختلف شیڈولز میں شامل یا خارج کرسکے۔ پاکستان میں تلور کے شکار کے لیے روایتی طور پر خلیجی ممالک سے عرب شخصیات کی آمد ہوتی ہے، جن میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر اور بحرین سے تعلق رکھنے والے شکاری شامل ہیں۔ ان میں سے بعض جنوبی پنجاب کے صحرائی علاقوں میں شکار کے لیے آتے ہیں۔ ذرائع کے مطابق خلیجی خطے میں جاری کشیدگی کے باعث رواں سیزن میں عرب شکاریوں کی پاکستان آمد گزشتہ برسوں کے مقابلے میں محدود رہنے کا امکان ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ فی الحال ایک بڑے عرب ملک سے شکاریوں کی آمد کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔  واضع رہے کہ تلور کے شکار کے لیے علاقوں کی سفارش وفاقی وزارت خارجہ کرتی ہے، جبکہ شکار کے اجازت نامے متعلقہ صوبائی حکومتیں اپنے قوانین کے تحت جاری کرتی ہیں۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل