Loading
ایسوسی ایشن آف بلڈرز اینڈ ڈیولپرز (آباد) نے سیل شدہ قانونی عمارتوں کو ڈی سیل کرنے کے لیے سندھ حکومت کو 72 گھنٹے کا الٹی میٹم دے دیا۔
چیئرمین آباد حنیف گوہر نے جمعہ کو آباد ہاؤس میں ہنگامی پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حکومت سندھ پر واضح کیا کہ سیل شدہ عمارتیں ڈی سیل نہ ہوئیں تو کاروبار مستقل طور پر مکمل بند کردیں گے جس سے لاکھوں لوگ بیروزگار ہوں گے لیکن اسکی ذمہ داری آباد پر نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اپنی کوتاہی چھپانے کے لیے قانونی بلڈرز کو نشانہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے سندھ حکومت کو پیر تک کی مہلت دیتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ قانونی بلڈرز کی سیل شدہ عمارتیں ڈی سیل نہ کی گئیں تو تعمیراتی کاروبار مکمل طور پر بند کردیا جائے گا، بلڈرز احتجاجاً سڑکوں پر آنے اور مزدوروں کو فارغ کرنے پر مجبور ہوں گے۔
چیئرمین آباد نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے افسران پر غیر قانونی تعمیرات میں ملوث ہونے کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ افسران کی ناک کے نیچے غیر قانونی تعمیرات ہوتی رہیں، فی فلور 25 سے 50 لاکھ روپے وصول کرکے آنکھیں بند رکھی گئیں۔ زبردستی وصول کی جانے والی رقم بھتہ نہیں بلکہ ایکسٹارشن ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کرنے والے پورشن مافیا کے خلاف کارروائی کی جائے اور قانونی کاروبار کرنے والوں کو تحفظ فراہم کیا جائے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف سے فوری نوٹس لینے اور بلاول بھٹو زرداری سے فوری مداخلت کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ کے حکم کے مطابق کراچی کی 26 سڑکوں پر کمرشل سرگرمیوں کی اجازت دی جائے کیونکہ سندھ حکومت نے ان سڑکوں پر بھی پابندی عائد کر رکھی ہے، جبکہ آباد کے ارکان کی اربوں روپے کی پراپرٹی ان سڑکوں پر موجود ہے۔
انہوں نے خبردار کیا ہے کہ کاروباری شخصیات اور بلڈرز کی تذلیل کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی، حکومت کے ایسے اقدام سے سرمایہ کاروں کا اعتماد مجروح اور ملک میں بے روزگاری میں اضافہ ہوگا۔ آباد ملکی معیشت اہم کردراد ادا کرنے والی تنظیم ہے جسے وزیراعظم میاں شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بھی سراہا ہے۔
حنیف گوہر نے کہا کہ آباد کے رکن بلڈرز تمام قواعد وضوبط پر عمل کرتے ہوئے تعمیراتی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ایڈمن سوسائٹی میں 2 روز قبل رہائشی پلاٹ پر تعمیر ہونے والی عمارت کا افسوسناک واقعہ اس لیے پیش آیا کہ اس عمارت گراؤنڈ پلس ون کی اجازت تھی لیکن اس کے برعکس کئی منزلیں تعمیر کی گئیں۔
چیئرمین آباد نے کہا کہ حادثے کے بعد سندھ حکومت نے غیرقانونی عمارتوں کو سیل کرنے کا اسٹینڈنگ آرڈر جاری کیا لیکن اس اسٹینڈنگ آرڈر کی آڑ میں آباد ممبران کی منظور شدہ عمارتیں بھی سیل کردی گئی ہیں۔ بلڈرز متعلقہ افسران کو عمارتوں کی منظوری کے دستاویزات دکھاتے رہے مگر کسی نے ان کی بات نہیں سنی۔ مختار کاروں اور بلڈنگ کنٹرول کے افسران نے جانچ پڑتال کے بغیر آنکھیں بند کرکے عمارتیں سیل کردیں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے متعدد مرتبہ غیرقانونی تعمیرات کے خلاف آواز اٹھائی اور حکومت و متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا کہ ایسی تعمیرات کو بروقت روکا جائے لیکن سندھ حکومت اور انتظامیہ سانحات رونما ہونے کے بعد ہی حرکت میں آتی ہے۔
حنیف گوہر نے کہا کہ لیاری اور گلبہار میں منہدم ہونے والی عمارتوں کا آباد کے ممبران سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ آباد صرف ان افراد کو پروفیشنل بلڈر تسلیم کرتا ہے جن کے پاس باقاعدہ بلڈنگ لائسنس موجود ہو۔ کراچی میں بعض اسٹیٹ ایجنٹس خود کو بلڈر ظاہر کرکے غیرقانونی تعمیرات کررہے ہیں۔ ایڈمن سوسائٹی سمیت مختلف علاقوں میں عمر اور شانی نامی ریئل اسٹیٹ ایجنٹس کی تعمیراتی سرگرمیاں بھی سوالیہ نشان ہیں۔
انہوں نے کہا کہ یہ تمام سرگرمیاں متعلقہ بلڈنگ کنٹرول اداروں کی موجودگی میں جاری ہیں لیکن ان کے خلاف بروقت کارروائی نہیں کی جاتی۔ اس وقت آباد کے تقریباً 150 ممبران کی قانونی عمارتیں سیل کی گئی ہیں جنہیں 3روز میں ڈی سیل نہ کرنے صورت میں آباد ممبران اپنی تعمیراتی سرگرمیاں روک کر سڑکوں پر احتجاج کرنے پر مجبور ہوں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل