Friday, November 27, 2026
 

پاکستان کی اپنی تمام مصنوعات کو چینی منڈی میں ڈیوٹی فری رسائی دینے کی درخواست

 



پاکستان نے تمام پاکستانی مصنوعات کو چینی منڈی تک ڈیوٹی فری رسائی دینے کی درخواست کردی۔ وفاقی وزیر پروفیسر احسن اقبال کی چین کے قومی ترقی و اصلاحات کمیشن (این ڈی آر سی) کے نائب چیئرمین ژو ہائی بنگ سے ملاقات ہوئی، اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کو افریقی ممالک کی طرز پر چین میں زیرو ٹیرف تجارتی سہولت فراہم کی جائے۔ احسن اقبال نے کہا کہ مالی سال 2025-26 میں چین سے پاکستان کی درآمدات 22.34 ارب ڈالر جبکہ برآمدات 2.71 ارب ڈالر رہیں۔ ملاقات میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں پر بھی گفتگو ہوئی۔ احسن اقبال نے 576 ارب روپے کے تھاکوٹ تا رائے کوٹ منصوبے کے تحت 102 کلومیٹر طویل تھور نالہ تا رائے کوٹ سیکشن کے مالیاتی معاہدے کو جلد حتمی شکل دینے پر زور دیا۔ انہوں نے کراچی سے روہڑی اور اس سے آگے ایم ایل ون کی اپ گریڈیشن میں چین کی شمولیت، بابوسر ٹنل سمیت سڑکوں کے چار منصوبوں کی مشترکہ فزیبلٹی اسٹڈیز میں پیش رفت اور گوادر میں باقاعدہ بحری جہاز رانی کی بحالی کے لیے چینی معاونت بھی طلب کی۔ وفاقی وزیر نے گوادر بندرگاہ پر پیٹرولیم کے تزویراتی ذخائر کے قیام کے لیے مشترکہ مطالعے کی تجویز بھی پیش کی، جبکہ کوہالہ اور آزاد پتن پن بجلی منصوبوں پر پیش رفت اور بعض بجلی گھروں کو تھر کے کوئلے پر منتقل کرنے کے امکانات کا جائزہ لینے پر بھی زور دیا۔ ملاقات میں سیہ دق تانبے کے منصوبے کے لیے چین کی منظوری، دو سے تین خصوصی اقتصادی زونز کی مشترکہ ترقی اور سی پیک کے صنعتی ایجنڈے میں پورٹ قاسم ایلومینیم کمپلیکس، تھر میں کھاد کے کارخانے اور دھابیجی میں آئل ریفائنری و ایندھن ذخیرہ کرنے کے کمپلیکس کو شامل کرنے کی تجاویز بھی زیر غور آئیں۔ ڈیجیٹل اور تعلیمی شعبوں میں تعاون کے حوالے سے مصنوعی ذہانت کے دو معاہدوں پر عمل درآمد، راولپنڈی سے کراچی تک 1500 کلومیٹر طویل فائبر آپٹک رابطے اور آئندہ دس برس میں مشترکہ مالی معاونت سے 10 ہزار پی ایچ ڈی وظائف کے پروگرام پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل