Friday, November 27, 2026
 

آسکر نامزد اسکرین رائٹر اور انسانی حقوق کے کارکن مہدی محمودیان تہران میں گرفتار

 



ایران میں انسانی حقوق کے لیے سرگرم کارکن اور آسکر کے لیے نامزد اسکرین رائٹر مہدی محمودیان کو دارالحکومت تہران میں ان کی رہائش گاہ سے حراست میں لے لیا گیا۔ گرفتاری سے ایک روز قبل انہوں نے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ 2022 کے حکومت مخالف مظاہروں کے دوران گرفتار کیے گئے دو افراد کو کسی بھی وقت سزائے موت دی جاسکتی ہے۔ بین الاقوامی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق یورپ میں مقیم ان کے دوست حسین رزاق نے بتایا کہ بدھ کے روز سیکیورٹی اہلکار مہدی محمودیان کے گھر پہنچے اور انہیں اپنے ساتھ لے گئے۔ ان کے ذاتی ٹیلی گرام چینل پر بھی گرفتاری کی اطلاع دی گئی، جس میں بتایا گیا کہ اہلکار گھر سے ان کے الیکٹرانک آلات بھی قبضے میں لے گئے۔ حسین رزاق کے مطابق مہدی محمودیان نے بدھ کی صبح تقریباً دو سے تین بجے ان سے فون پر بات کی تھی۔ گفتگو کا موضوع 2022 کے مظاہروں سے متعلق ایک ایسا مقدمہ تھا جس میں ملزمان کو سزائے موت دیے جانے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا تھا۔ تاہم اس گفتگو کے بعد محمودیان نے دوبارہ فون کا جواب نہیں دیا۔ رپورٹ میں عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ ایک درجن سے زائد مسلح اہلکاروں نے ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا۔ گرفتاری سے ایک روز پہلے محمودیان نے اپنے ٹیلی گرام اکاؤنٹ پر خبردار کیا تھا کہ 2022 کے مظاہروں کے دوران گرفتار ہونے والے میلاد آرمون اور نوید نجاران کو اگلے 24 گھنٹوں کے اندر پھانسی دیے جانے کا خطرہ ہے۔ ان کی اسی تشویش کے بعد اب خود ان کی گرفتاری کی خبر سامنے آئی ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل