Loading
امریکی فضائیہ کے اہم کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ’کلاؤڈ ون‘ کو ہیکرز نے کامیابی سے نشانہ بنایا ہے۔ کمپیوٹنگ سسٹم کے ذریعے حساس فوجی آپریشنز اور اہم معلومات کا انتظام کیا جاتا ہے۔
خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اس سائبر حملے کا انکشاف گزشتہ ایک ماہ کے دوران سسٹم کو اپ گریڈ کرنے کے لیے کی جانے والی معمول کی کارروائی کے دوران ہوا۔ واقعے سے آگاہ دو افراد نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر اس پیشرفت کی تصدیق کی۔
تاحال ہیکرز کی شناخت سامنے نہیں آسکی جبکہ یہ بھی واضح نہیں کہ سسٹم سے کون سا ڈیٹا متاثر ہوا یا کوئی حساس معلومات چوری کی گئی ہیں یا نہیں۔
امریکی فضائیہ نے رائٹرز کو جاری بیان میں کہا کہ وہ مخصوص نیٹ ورکس اور سسٹمز کی سیکیورٹی، ممکنہ کمزوریوں یا آپریشنل صورتحال پر تبصرہ نہیں کرتی۔ تاہم، محکمہ فضائیہ کی معلومات، سسٹمز اور آپریشنل صلاحیتوں کے تحفظ کے لیے مسلسل اقدامات کیے جاتے ہیں۔
کلاؤڈ ون امریکی فضائیہ کا بنیادی کلاؤڈ کمپیوٹنگ پلیٹ فارم ہے جو مائیکروسافٹ، اوریکل، ایمازون اور الفابیٹ کی کلاؤڈ سہولیات کو یکجا کرکے آئی ٹی آپریشنز چلاتا ہے۔
اس پلیٹ فارم کے ذریعے فوجی اہلکاروں کے ڈیٹا، لاجسٹکس، مواصلاتی نظام اور آلات کی دیکھ بھال سے متعلق امور کا انتظام کیا جاتا ہے۔
سائبر حملے کی مکمل نوعیت اور اس کے ممکنہ اثرات سامنے نہ آنے کے باعث امریکی فضائیہ کے اس اہم ڈیجیٹل نظام کی سیکیورٹی سے متعلق سوالات اٹھ رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل