Loading
پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے سینئر رہنما ندیم افضل چن نے کہا ہے کہ صوبے بنانے کی ضرورت نہیں ہے اگر بنانے ہیں تو ریفرنڈم کروالیا جائے۔
لاہور میں پنجابی زبان، ثقافت اور علاقائی مسائل پر منعقدہ کانفرنس میں اظہار خیال کرتے ہوئے رہنما پی پی پی ندیم افضل چن نے کہا کہ ہم نسل در نسل پنجابی ہیں اور تاریخ گواہ ہے کہ جتنے بھی طاقت ور لوگ گزرے ہیں، ان کا تعلق پنجاب سے تھا، تاہم آج ہمیں اپنے گھروں اور روایات میں بھی پنجابی بولنے پر شرمندگی محسوس ہوتی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجابی ثقافت کمزور کرنے میں ہمارا اپنا اور طاقت ور اشرافیہ طبقے کا قصور ہے جبکہ سکھوں نے پنجابی ثقافت کو زندہ رکھا ہوا ہے۔
ندیم افضل چن نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور اشرافیہ نے کبھی واہگہ بارڈر کے ساتھ جگہ صاف کروانے کی بات نہیں کی۔
انہوں نے تجویز دی کہ پنجاب کا بارڈر کھول دیا جائے توبھارت میں بھوک رہے گی نہ ہی پاکستان میں۔
رہنما پی پی پی نے واہگہ بارڈر پر یونیورسٹی کے قیام کی پیش کش کرتے ہوئے کہا کہ اگر ملک احمد صاحب اجازت دے دیں تو وہ یونیورسٹی کی تعمیر کے تمام اخراجات خود اٹھانے کوتیار ہیں۔
دوطرفہ روایتی کھیلوں کی بحالی پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پریڈ کے مقابلے کروانے کے بجائے کبھی کھاد اور کبڈی کے مقابلے بھی کروائے جائیں۔
رہنما پی پی پی نے ملکی صورت حال اور صوبوں کے حوالے سے جاری بحث کے حوالے سے کہا کہ نئے صوبے بنانے کی کوئی ضرورت نہیں، اگر بنانا ہے تو اس کے لیے ریفرنڈم کروا لیا جائے۔
ندیم افضل چن نے بلوچستان کے دورے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وہاں جا کر میں نے پوچھا کہ آپ پنجابیوں کو مارتے ہیں اور ہم وہاں کوئی کام نہیں کر سکتے جبکہ لاہور اور کراچی ہر نسل کے لوگوں کو برداشت کرتے ہیں۔
کانفرنس کے شرکا کو مخاطب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایسی نشستوں میں دل کا غبار نکالنے کا موقع ملتا ہے، اس لیے نوجوان اور اہل دانش درباری بننے کے بجائے باغی بنیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل