Saturday, November 28, 2026
 

سندیپ مہیشوری نے 14 سال بعد یوٹیوب سے وقفہ لینے کی وجہ بتا دی

 



بھارت کے معروف موٹیویشنل اسپیکر اور یوٹیوبر سندیپ مہیشوری نے گزشتہ چھ ماہ سے ویڈیوز اپ لوڈ نہ کرنے کی وجہ واضح کردی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں اور نہ ہی انہوں نے مالی مسائل کے باعث یوٹیوب سے دوری اختیار کی ہے۔ سندیپ مہیشوری نے فیس بک پر جاری بیان میں بتایا کہ گزشتہ چھ ماہ سے ان کی نئی ویڈیوز سامنے نہ آنے پر متعدد افراد نے تشویش کا اظہار کیا، جس پر وہ سب کے شکر گزار ہیں۔ ان کی سوشل میڈیا سے غیر موجودگی کے دوران مختلف قیاس آرائیاں بھی گردش کرتی رہیں، تاہم اب انہوں نے ان کی وضاحت کردی ہے۔ ان کے مطابق ان کی صحت اچھی ہے اور اہل خانہ بھی خیریت سے ہیں۔ ان کی اہلیہ، دونوں بچے اور پالتو بلیاں منی اور مکی بھی بالکل ٹھیک ہیں۔ سندیپ مہیشوری کے یوٹیوب چینل پر 2 کروڑ 80 لاکھ سے زیادہ سبسکرائبرز جبکہ فیس بک پر ڈیڑھ کروڑ فالوورز موجود ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کے بارے میں سب سے زیادہ یہ قیاس آرائی کی گئی کہ مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے باعث ان کے کاروبار ’امیجز بازار‘ کو نقصان پہنچا اور اسی وجہ سے انہوں نے ویڈیوز بنانا بند کردیں۔ سندیپ نے تسلیم کیا کہ اے آئی کی آمد سے کاروبار پر کچھ اثر ضرور پڑا، لیکن انہوں نے اپنی ٹیم کے ساتھ مل کر کاروباری حکمت عملی اور مارکیٹ میں اپنی پوزیشننگ تبدیل کی، جس کے ذریعے اس صورتحال سے کامیابی کے ساتھ نمٹا گیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ ان کے پاس آمدنی کے متعدد ذرائع اور کئی کاروبار ہیں، اس لیے مالی پریشانی ان کے یوٹیوب سے وقفے کی وجہ نہیں ہے۔ ان کے بقول انہوں نے اپنا چینل کبھی پیسہ کمانے کے مقصد سے شروع نہیں کیا تھا، بلکہ وہ اپنے علم، سوچ اور زندگی کے تجربات لوگوں تک پہنچانا چاہتے تھے۔ سندیپ مہیشوری کا کہنا تھا کہ وہ گزشتہ 14 برس سے مسلسل اپنے ناظرین کے ساتھ یہ سب کچھ شیئر کرتے رہے ہیں اور اب تک اپنا بیشتر علم اور تجربہ ان تک پہنچا چکے ہیں۔ وہ محض ویڈیو بنانے یا کچھ کہنے کے لیے مواد پیش نہیں کرنا چاہتے۔ انہوں نے اس وقفے کو عارضی قرار دیتے ہوئے کہا کہ جب بھی انہیں کوئی نیا تجربہ یا ایسی بات ملی جسے دوسروں کے ساتھ بانٹنا ضروری سمجھیں گے تو دوبارہ ویڈیوز کے ذریعے ناظرین کے سامنے آئیں گے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل