Loading
جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمان نے وزیراعظم کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے کو جھوٹ قرار دیتے ہوئے سوال اٹھایا ہے کہ اگر ایسا ہے تو پھر پیٹرول اور بجلی کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہورہیں۔ جماعت اسلامی کے مرکز منصورہ سے جاری اپنے ایک بیان میں حافظ نعیم نے سردیوں کے حوالے سے حکومت کے بجلی پیکج پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کے ونٹر پیکج کے نام پر عوام کو بے وقوف بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے مہنگائی کم کرنے کے دعوے جھوٹ ہیں، موجودہ حکومت ہی جھوٹ اور فارم 47کی بنیاد پر کھڑی ہے، اگر مہنگائی کم ہے تو صنعتوں میں بہتری، بجلی و پٹرول کی قیمتیں کم کیوں نہیں ہو رہیں۔ حافظ نعیم نے کہا کہ آئی پی پیز کو ہزاروں ارب روپے کیپیسٹی چارجز کی مد میں دیے جا رہے ہیں، اشرافیہ ٹیکس نہیں دیتی اور ٖغریبوں اور تنخواہ داروں کا خون نچوڑا جارہا، ملک میں 77برسوں سے کوالٹی ایجوکیشن دستیاب نہیں ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ حکومت 14ہزار اسکولوں کو پرائیویٹ سیکٹر کے حوالے کرنا چاہتی مگر جماعت اسلامی اس فیصلے پر مزاحمت کرے گی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل