Loading
جنوبی وزیرستان میں خوارج کے چیک پوسٹ حملے میں سیکیورٹی فورسز کے 16 جوان شہید جبکہ 8 خوارج ہلاک ہوگئے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 20-21 دسمبر کی درمیانی رات، خوارج کے ایک گروپ نے جنوبی وزیرستان کے ضلع مکین کے لاقے میں سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔ اعلامیے کے مطابق خوارج کی اس کوشش کو سیکیورٹی فورسزنے مؤثر طریقے سے ناکام بنا دیا، فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں آٹھ خوارج کو جہنم میں بھیج دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق خوارج سے شدید فائرنگ کے تبادلے کے دوران مٹی کے سولہ بہادر بیٹوں نے بہادری سے لڑتے ہوئے شہادت کو گلے لگا لیا۔ اعلامیے کے مطابق علاقے میں سینی ٹائزیشن آپریشن جاری ہے، اس گھناؤنے فعل کے مرتکب افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جبکہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لیے پرعزم ہیں اوربہادر جوانوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔ دوسری جانب وزیرداخلہ محسن نقوی نے شہید جوانوں کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بہادر جوانوں نے شہادت کا بلند رتبہ پایا کر 8 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کیا۔ انہوں نے کہا کہ وطن کے بہادر سپوتوں نے پاک وطن کے امن کے لئے اپنی جانوں کی قربانی دی، وطن کی خاطر جانیں نچھاور کرنے والے جوان قوم کے ہیرو ہیں۔ محسن نقوی نے کہا کہ سکیورٹی فورسز کے بہادر سپوتوں کی عظیم قربانیاں تاقیامت یاد رکھی جائیں گی، قوم شہداء کی ہمیشہ مقروض رہے گی، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی بے مثال قربانیوں کی کوئی نظیر نہیں ملتی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ شہداء کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور ہمیشہ ساتھ نبھائیں گے۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل