Loading
روس کے شہر کازان میں یوکرین نے نائن الیون طرز پر ڈرون حملہ کرتے ہوئے ایک رہائشی عمارت کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں شہر کا ایئرپورٹ بھی بند کرنا پڑا۔ خبرایجنسی رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق روسی ایوی ایشن حکام نے کہا کہ یوکرین کے ڈرون حملے کے بعد کازان کا ایئرپورٹ بند کردیا گیا تھا تاہم عارضی تعطل کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا ہے۔ روسی میڈیا نے بتایا کہ یوکرین کا ڈرون کازان میں رہائشی عمارت سے ٹکرایا اور دیگر علاقوں پر بھی ڈرون حملہ کیا گیا، کازان دارالحکومت ماسکو سے مشرق میں 500 میل کے فاصلے واقع ہے۔ روسی وزارت دفاع نے بتایا کہ شہر میں تین مرحلوں میں ڈرون حملے کیے گئے، ایئرڈیفنس سسٹم نے تین ڈرونز فضا میں ہی تباہ کردیا اور دیگر تین کو الیکٹرونک وارفیئر سسٹم سے گرادیا گیا۔ مقامی حکام کے حوالے سے میڈیا نے بتایا کہ ان حملوں میں کسی قسم کے جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے، کازان شہر کے میئر نے کہا کہ ہفتہ وار چھٹیوں کے دوران ہونے والی عوامی تقریب منسوخ کردی گئی ہے اور بے گھر ہونے والوں کو حکام کی جانب سے عارضی طور پر سہولیات فراہم کردی جائیں گی۔ رپورٹ کے مطابق روسی سیکیورٹی سروسز کے قریب تصور کے جانے والے میڈیا کے ایک ادارے نے کثیرالمنزلہ عمارت سے ڈرون ٹکراتے ہوئے دکھایا اور اس کے بعد عمارت میں آگ لگی ہوئی نظر آرہی ہے۔ روس کی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زیخاروا نے حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یوکرین اپنی فوجی شکستوں سے دل برداشتہ ہوگیا ہے اور پرامن شہریوں کونشانہ بنا رہا ہے۔ روسی ایوی ایشن اتھارٹی روساویاسٹیانے ٹیلیگرام میں بیان میں کہا کہ کازان کے شمال مشرق میں ایک چھوٹا شہر ایزیویسک اور جنوب میں 400 میل کے فاصلے پر واقع ساراتوف میں بھی ایئرپورٹس پر عارضی طور پر پروازوں کی آمد و رفت معطل کردی گئی تھی۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل