Sunday, December 22, 2024
 

طفیلی پودے‘ یتیم کیڑے

 



وہ 965میں پیدا ہوا‘ بصرہ علم اور ادب کا گہوارہ تھا‘ بنو عباس کی حکومت تھی‘المقتدر خلیفہ تھا‘ مکتب میں ابتدائی تعلیم حاصل کی‘ علماء کی قربت اختیار کی اور دربار تک پہنچ گیا‘ خلیفہ نے اسے وزیر بنا لیا‘ وہ مذہبی کش مکش کا دور تھا‘ فرقے بن رہے تھے‘ فرقے ٹوٹ رہے تھے‘ دجلہ اور فرات کے کنارے مناظرے ہوتے تھے اور مہینوں چلتے تھے۔  وہ اس افراتفری کودیکھتا رہا اوراس کے دل میں خانقاہوں‘ مذہبی بحثوں اور فرقہ وارانہ چپقلش کے خلاف نفرت پیدا ہوتی رہی‘ وہ کوئی ایسا کام کرنا چاہتا تھا جس سے انسانیت کی خدمت بھی ہو اور رہتی دنیا تک اس کا نام بھی قائم رہے مگر سسٹم موقع دینے کے لیے تیار نہیں تھا۔  وہ تنگ آ گیا‘ اس نے ایک دن رخت سفر باندھا اور عراق سے ہمیشہ ہمیشہ کے لیے مصر آ گیا‘ مصر میں اس وقت الحکم کی حکومت تھی‘ الحکم العزیزباللہ کے انتقال کے بعد گیارہ سال کی عمر میں بادشاہ بنا تھا‘ بادشاہ ایک عجیب و غریب شخص تھا‘ وہ بیک وقت دانشور بھی تھا اور سنکی بھی۔ اس نے دنیا بھر کے عالم اور سائنس دان مصر میں اکٹھے کر لیے لیکن ساتھ ہی فوج کو ملک بھر کے کتے مارنے کا حکم دے دیا۔ وہ کتوں کی آواز سے الرجک تھا‘ اہلکاروں کو معمولی باتوں پر قتل کرا دیتا تھا‘ وہ قاہرہ پہنچا ‘ الحکم نے اسے دریائے نیل پر ڈیم بنانے کی ذمے داری سونپ دی‘ انجینئرز کی ٹیم بنائی اور نیل کے کنارے سفر شروع کر دیا‘ دریا کا جائزہ لیا اور وہ اس نتیجے پر پہنچا ’’ہمارے پاس کوئی ایسی ٹیکنالوجی نہیں‘ ہم جس کے ذریعے اتنا بڑا ڈیم بناسکیں‘ یہ منصوبہ مصر کو معاشی طور پر تباہ کر دے گا‘‘۔ وہ واپس دربار میں آیا اور اپنی ناکامی تسلیم کر لی‘ بادشاہ ناراض ہو گیا‘بادشاہ کی ناراضی کا ایک ہی مطلب ہوتا تھا! موت۔ بادشاہ نے اس کی گردن مارنے کا حکم دے دیا لیکن وہ حکم کی بجا آوری سے پہلے اٹھا اور دیوانہ وار ناچنا شروع کر دیا‘ وہ ناچتا جاتا تھا اور اپنے کپڑے پھاڑتا جاتا تھا‘ وہ اول فول بھی بک رہا تھا‘ بادشاہ نے طبیب بلائے‘ طبیبوں نے اسے پاگل قرار دے دیا۔ بادشاہ نے اپنا فیصلہ واپس لیا اور اسے تامرگ ’’ہاؤس اریسٹ‘‘ کی سزا دے دی یوں وہ شخص جس نے آنے والے زمانے میں سائنس کا پورا قبلہ تبدیل کر دیا‘ جو نہ ہوتا تو شاید آج دنیا میں کیمرہ ہوتا‘ دوربین ہوتی‘ مائیکرو اسکوپ ہوتی‘ عینک ہوتی اور نہ ہی آنکھ کا آپریشن ہوتا اور یہ بھی ممکن تھا‘ ہم آج تک روشنی اور سائے کے تمام بھیدوں سے ناواقف ہوتے اور یہ بھی ہو سکتا تھا ہم آج بھی اس دور میں زندہ ہوتے جس میں انسان یہ سمجھتا تھا ’’روشنی ہماری آنکھ سے نکلتی ہے‘ یہ باہر سے آنکھ میں داخل نہیں ہوتی‘‘ اور یہ بھی ہو سکتا تھا ہم آج بھی اندھوں کو خدائی سزا وار سمجھ کر آنکھوں کی بیماریوں کو ناقابل علاج سمجھ رہے ہوتے‘ہم آج جہاں ہیں یہ سب اس کی محنت کا نتیجہ تھا‘ وہ ہمارا محسن تھا۔ ہم قصے کی طرف واپس آتے ہیں‘ بادشاہ کے حکم سے اسے الازہر مسجد کے قریب گھر میں قید کر دیا گیا‘ اس نے خدا کا شکر ادا کیا اور اس چھوٹے سے گھر میں کام شروع کر دیا‘ وہ 1021تک اس گھر میں قید بھی رہا اور پاگل بھی رہا یہاں تک کہ خلیفہ الحکم کا انتقال ہو گیا۔ خلیفہ کی تدفین کے بعد اس کے گھر کا دروازہ کھولا گیا تو وہ اس وقت تک 92 سائنسی مضامین لکھ چکا تھا اور دو سو کے قریب عظیم ایجادات کی بنیاد رکھ چکا تھا‘ ان ایجادات میں سات جلدوں پر مشتمل وہ کتاب ’’کتاب المنظر‘‘ بھی شامل تھی جس نے دنیا کو پہلی بار بتایا روشنی آنکھ میں باہر سے داخل ہوتی ہے‘ جس نے دنیا کو عدسے‘ آئینے‘ عکس‘ روشنی اور رنگوں کی جادوگری کا کھیل سمجھایا‘ جس نے دنیا کو بتایا دوربین بھی بنائی جا سکتی ہے۔ جس نے بتایا‘ روشنی سفر کرتی ہے اور اس کی باقاعدہ ایک رفتار ہوتی ہے‘ اس میں توانائی کے ایٹم ہوتے ہیں اور یہ ایٹم سیدھے سفر کرتے ہیں اور جس نے دنیا کو بتایا کیمرہ بھی بنایا جا سکتا ہے اور آپ مناظر کو اپنے پاس محفوظ بھی رکھ سکتے ہیں‘ وہ پاگل ’’ہاؤس اریسٹ‘‘ سے باہر نکلا تو دنیا کو چاند اور سورج کے گرہن کی سائنسی سمجھ آئی‘ ستاروں اور سیاروں کا کھیل (علم نجوم) سمجھ آیا‘ ٹیلی اسکوپ اور مائیکرو اسکوپ کی بنیاد پڑی اور عمل اور ردعمل کا وہ اصول سمجھ آیا جس پر کام کر کے نیوٹن نے اپنے پہلے قانون کی بنیاد رکھی۔  وہ دنیا کا پہلا انسان تھا جس نے آنکھ کی ہیئت سمجھی اور سمجھائی‘جس نے بتایا آنکھ کے تین حصے ہوتے ہیں‘ لینس‘ ریٹنا اور قرینہ‘ آنکھ کے ان تین حصوں کی دریافت نے آنکھ کی سرجری کی بنیاد بھی رکھی اور عینک بھی بنائی‘ دنیا میں پچھلے ہزار برسوں میں آنکھ کے جتنے آپریشن ہوئے‘ جتنے لوگوں کی آنکھوں کا کھویا نور واپس آیا‘ وہ سب اس کے شکر گزار ہیں‘ وہ پاگل کتنا بڑا آدمی تھا‘ آپ یہ جاننے کے لیے انٹرنیٹ پر جایے اور ہزار سال میں اس پر ہونے والی ریسرچ پڑھیے‘ آپ کو پوری سائنس اس کے سامنے ہاتھ جوڑ کر بیٹھی نظر آئیگی‘ وہ شخص‘ جی ہاں اس کا نام ابوعلی الحسن بن حسین ابن الہیشم تھا۔ ابن الہیشم کو دنیا سے گزرے ہزار برس ہو گئے ہیں‘ ہم نے ان ہزار سالوں میں الحکم جیسے سیکڑوں ایسے بادشاہ پیداکیے جو ابن الہیشم جیسے ٹیلنٹڈ لوگوں کو پاگل قرار دیتے رہے‘ ان کے سر اتارتے رہے لیکن ہم نے ابن الہیشم جیسا کوئی دوسرا سائنس دان پیدا نہیں ہونے دیا۔ دنیا میں ہر سال 70 لاکھ لوگ اندھے پن کا شکار ہوتے ہیں‘دنیا کوابن الہیشم نے1021 میں بتایا‘ اندھے پن کی 90 فیصد وجہ ’’قرینہ‘‘ ہوتا ہے‘ہم قرینے کی سائنس پر توجہ دیں تو اندھا پن ختم ہو جائے گا‘ دنیا ہزار سال سے ابن الہیشم کی لائین پر کام کر رہی ہے‘ یہاں تک کہ چند سال قبل چین کے ایک سائنس دان نے مصنوعی قرینہ ایجاد کر لیا‘ یہ ایک عظیم سائنسی ایجاد ہے۔ اس انقلاب کے بعد دنیا کے 50 فیصد اندھوں کی بینائی لوٹ آئے گی‘ ایک پرتگالی نیورلوجیسٹ Joao Lobo Antune نے مصنوعی آنکھ بھی بنا لی‘ یہ آنکھ بائیونک ٹیکنالوجی سے بنائی گئی اور یہ نابیناؤں کے دماغی پردے پر الیکٹرانک سرکٹس اور انفرا ریڈ شعاعوں کے ذریعے ایسی تصویر بنائے گی جس سے وہ عام انسانوں کی طرح دیکھ سکیں گے۔ یہ تصور بھی ابن الہیشم نے دیا تھا‘ امریکا کی ایک کمپنی Abiomedine نے مصنوعی دل تیار کر لیا‘ یہ دل جولائی 2001 میں سینٹ لوئس اسپتال میں مریض کے جسم میں لگایا گیا‘ یہ دل پندرہ برسوں سے نارمل دلوں کی طرح کام کر رہا ہے‘ اس دل کے لیے ٹیوبز اور لائینز تک کی ضرورت نہیں پڑتی‘ یہ ہارٹ سرجری اور جگر کی پیوندکاری کے بعد دنیا کا بڑا طبی انقلاب ہے‘یہ تصور بھی ابن الہیشم نے دیا تھا۔  اس نے 1021میں دعویٰ کیا تھا‘ دنیا میں ایسا وقت آئے گا جب انسان جسم کے سارے اعضاء بنا لے گا‘ امریکی سائنس دان Dr. Kenneth Matsumara نے 2001میں مصنوعی جگر تیار کیا‘ ٹائم میگزین نے اسے 2001 میں دنیا کی بہترین ایجاد قرار دیا۔ دنیا میں 1600 سے مصنوعی خون پیدا کرنے کی کوششیں ہو رہی ہیں‘سائنس دانوں نے 2015 میں ’’متبادل خون‘‘ بنا لیا‘ یہ خون حادثوں کے بعد مریض کو دیا جائے گا تا کہ اسے اسپتال تک پہنچایا جا سکے‘ یہ سارے تصورات اس ابن الہیشم نے پیش کیے جسے پاگل قرار دے کر گھر میں بند کر دیا گیا تھا۔  دنیا میں اس وقت ایک ہزار شعبے ہیں اور ان ہزار شعبوں میں ہزاروں لاکھوں بریک تھرو ہو رہی ہیں مگر بدقسمتی سے یہ تمام بریک تھرو ابن الہیشم کی قوم کے دائیں بائیں ہو رہی ہیں‘کیوں؟ کیوںکہ ابن الہیشم کی قوم ہزار سال پہلے ایسی ایجادات کوصرف پاگل پن قرار دیتی تھی‘ تاریخ میں ہزار سال پہلے ابن الہیشم جیسے لوگ پاگل بن کر سزا سے بچ جاتے تھے لیکن آج ابن الہیشم کی قوم ایسی ’’گستاخیوں‘‘ پر ابن الہیشم جیسے لوگوں پر کفر کا فتویٰ لگاتی ہے‘ اسے سر عام قتل کرتی ہے اور اسلامی دنیا کی کوئی حکومت‘ کوئی عدالت قاتلوں کا ہاتھ نہیں روک سکتی۔ آپ اندازہ لگایے‘ ہم نے ہزار سال میں کتنی ترقی کی؟ ہم پاگل پن سے قتل تک پہنچ گئے‘ آپ ٹھنڈے کمرے میں بیٹھ کرٹھنڈے دل سے سوچیے‘ کیا سائنس اور ٹیکنالوجی کفر ہے؟ کیا یہ مادیت ہے؟ اور کیا یہ بندے کو خدا سے دور لے جاتی ہے؟ مجھے یقین ہے آپ کا دل جواب دے گا‘ نہیں‘ ہر گز نہیں! یہ اللہ تعالیٰ کی بخشی ہوئی عقل کے معجزے ہیں اور یہ معجزے ہمارا اللہ تعالیٰ کی کبریائی پر ایمان مضبوط بناتے ہیں‘ ٹیکنالوجی صرف ہماری معاون ہے‘ یہ خدا نہیں ہوتی‘ ہم اگر ابن الہیشم کی طرح اللہ پر پختہ ایمان رکھیں‘ اس سے رحم اور رہنمائی طلب کریں اور اس کے بعد اللہ کی بخشی عقل اور علم سے استفادہ کریں اور ابن الہیشم کی طرح دیوانہ وار کام کریں۔  ہم بھی اللہ کے بندوں کی زندگی آسان بنائیں تو ہم بھی دکھی انسانوں کے مددگاروں میں شامل ہو جائیں گے‘ ہم بھی ابن الہیشم کی طرح انسانیت کے محسن کہلائیں گے لیکن ہم نے بدقسمتی سے شکر‘ محنت اور مدد کا راستہ چننے کے بجائے داعش کا راستہ چن لیا‘ ہم کیسے لوگ ہیں‘ ہم ہزار سال سے طفیلی پودوں اور یتیم کیڑوں جیسی زندگی گزار رہے ہیں‘ ہم دوسروں کی ریسرچ کا خون چوستے ہیں اور خود کو دنیا کی عظیم ترین قوم کہتے ہیں‘ ہمیں کب شرم آئے گی‘ ہم کب جاگیں گے اور ہم کب انسان بن کر انسانی زندگی گزارینگے‘ اے ابن الہیشم ہمیں گائیڈ کرو! آپ جہاں بھی ہو‘ ہماری رہنمائی کرو کیوںکہ تمہاری قوم نے تمہیں بھی فراموش کر دیا ہے اور تمہارے رب کو بھی۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل