Loading
وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا پراڈکٹ تھا اور اب وہ امریکا کے کاندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، اگر کوئی بیرونی ہاتھ پی ٹی آئی کی مدد کو آیا تو پاکستان اپنی حفاظت کرے گا۔ لندن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ 9 مئی میں سب سے بڑی رکاوٹ تھی جبکہ اس حساس معاملے پر فوری فیصلوں کی ضرورت تھی کیونکہ 9 مئی کو حساس مقامات پر حملے کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں بھی ایسی للکار نہیں ہوئی، منصوبہ بندی اور پلاننگ سے پاکستان میں بہت سی جگہ پر دفاعی تنصیبات پر حملے کیے گئے، ہجوم تربیت یافتہ تھا، عمران خان اور دیگر کا مطالبہ تھا کہ ویڈیو ریلیز کریں اب ہوگئیں۔ وزیر دفاع نے کہا کہ جن 25 لوگوں کو سزائیں ہوئیں اُن کے چہرے اب سامنے آگئے ہیں، اب بہت سے کیسز باقی ہیں اُن کے بھی جلد فیصلے آئیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملٹری کورٹ سے نو مئی کے مجرموں کو سزا پاکستان کیلیے ایک سنگ میل ہے جس کو ہم عبور کررہے اور سیاست کو اُن عناصر سے پاک کررہے ہیں جو پاکستان کو اپنی سیاست کی بھینٹ چڑھا سکتے ہیں۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ساری قوم کیلیے لمحہ فکریہ ہے کہ سیاسی معاملات یا تحفظات پر قومی یا وطن کے دفاع کو چلینج کرنے کا معاملہ کبھی دنیا کی تاریخ میں پیش نہیں آیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا آدمی تھا اور اس کی پوری تاریخ ہے، جنرل باجوہ نے مائنس نواز شریف پر کام کرتے رہے ہیں، مجھ سے بھی اس معاملے پر رابطہ کیا گیا اور میں نے اجازت کے بعد ملاقات بھی کی تھی۔ وزیر دفاع نے کہا کہ اُس وقت کی اسٹیبلشمنٹ نے منصوبہ بنایا تھا کہ نواز شریف کو مائنس کر کے عمران خان کو لایا جائے، جب عمران خان کو آر ٹی ایس بیٹھا کر اقتدار میں لایا گیا تو عمران حکومت میں ہزاروں اور اربوں روپے کی کرپشن ہوئی۔ عمران خان، اہل خانہ، ارد گرد کے لوگ کرپشن میں ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چند روز پہلے تک عمران خان اسٹیبلشمنٹ سے مذاکرات چاہتے تھے، اب وہ کمیٹی کمیٹی کھیل رہے ہیں اور قومی اسمبلی میں چیخ رہے ہیں، یہ تبدیلیاں کیوں آرہی ہیں عوام کو نظر آرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان امریکا کے کاندھوں پر بیٹھ کر اقتدار میں آنا چاہتے ہیں، اگر کوئی بیرونی ہاتھ ان کی مدد کو آیا تو پاکستان اپنی حفاظت کرنا جانتا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ ایٹمی دھماکوں کے وقت اگر عمران خان ہوتا تو 5 ارب ڈالر جیب میں رکھ لیتا اور ملک کا سودا کردیتا۔ انہوں نے اعلان کیا کہ اسمبلی فلور اور پریس کانفرنس میں یہ ساری باتیں کروں گا کہ عمران خان اسٹیبلشمنٹ کا پروڈکٹ تھا، جبکہ میں شوکت خانم سمیت دیگر معاملات پر ہونے والی کرپشن کے حوالے سے بھی عمران خان کے خلاف وائٹ پیپر جاری کروں گا۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل