Loading
ریاض/مسقط/کویت سٹی: خلیجی ممالک سعودی عرب، عمان اور کویت نے حالیہ ایرانی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے انہیں علاقائی سلامتی، خودمختاری اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔
سعودی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں کہا کہ ایران کا رویہ خطے کے امن و استحکام کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ وزارت کے مطابق ایران کی جانب سے تجارتی جہازوں پر حملے اور بحری راستوں کو نشانہ بنانا اقوام متحدہ کے چارٹر، اسلامی تعاون تنظیم کے اصولوں اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے۔
سعودی عرب نے کہا کہ ایسے اقدامات سے نہ صرف خطے میں کشیدگی بڑھ رہی ہے بلکہ عالمی بحری تجارت، جہاز رانی اور آبنائے ہرمز میں آمدورفت کی آزادی بھی خطرے میں پڑ رہی ہے۔ اگرچہ حالیہ ایرانی حملوں میں سعودی عرب کو براہ راست نشانہ نہیں بنایا گیا، تاہم گزشتہ ہفتے آبنائے ہرمز سے گزرنے والا ایک سعودی آئل ٹینکر حملے میں متاثر ہوا تھا۔
دوسری جانب عمان نے بھی اپنے علاقے پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے ناقابل قبول قرار دیا ہے۔ عمان کی سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق حکومت نے کہا ہے کہ سلطنت عمان اپنی سرزمین پر ہونے والے ہر حملے کی سخت مذمت کرتی ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا جب ایرانی وزیر خارجہ چند گھنٹے قبل ہی آبنائے ہرمز کی سکیورٹی سے متعلق مذاکرات کے لیے عمان کے دورے پر موجود تھے۔
ادھر کویت کی وزارت خارجہ نے بھی ایرانی حملوں کو ملکی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ وزارت نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ حملے ایک بار پھر ایران کے جارحانہ طرز عمل کی عکاسی کرتے ہیں اور ملک کی سلامتی، استحکام اور شہریوں و غیر ملکی رہائشیوں کی حفاظت کے لیے براہ راست خطرہ ہیں۔
کویتی حکومت نے مزید کہا کہ یہ کارروائیاں بین الاقوامی قانون، اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ بیان میں خبردار کیا گیا کہ اگر کشیدگی میں مزید اضافہ ہوا تو اس سے خطے میں سفارتی کوششیں متاثر ہو سکتی ہیں اور بحران مزید گہرا ہونے کا خدشہ ہے۔
خلیجی ممالک کے ان بیانات سے ظاہر ہوتا ہے کہ آبنائے ہرمز اور خلیجی خطے میں حالیہ کشیدگی پر علاقائی تشویش میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جبکہ مختلف ممالک تنازع کے حل کے لیے سفارتی مذاکرات اور کشیدگی میں کمی پر زور دے رہے ہیں۔
اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔
مزید تفصیل