Monday, June 30, 2025
 

حادثات کا شکار 3 غیر ملکی طیارے تاحال گراونڈ ہیں

 



کراچی ائیر پورٹ پر تین غیرملکی طیاروں کے ساتھ حادثات کے بعد تینوں طیارے تاحال ہینگر اور پارکنگ میں عارضی طورپر گراونڈ حالت میں موجود ہیں۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان ائیر پورٹ اتھارٹی کی جانب سے طیاروں کے ساتھ یکے بعد دیگرے حادثات کی تحقیقات جاری ہیں۔ بین الاقوامی کورئیر کمپنی کے طیارے کو لوڈر ٹرک ٹکرانے سے طیارے کے بائیں ونگز کی لائٹس کونقصان ہوا، کورئیر کمپنی کے طیارے کو لوڈر ٹرک کے ٹکر سے باڈی کے تین مختلف حصے متاثر ہوئے، بین الاقوامی کورئیر کمپنی کے کارگو طیارے پر تاحال مرمتی کام شروع نہیں ہوسکا۔ ممکنہ طور ماہرین کی ٹیم بیرون ملک سے کراچی آکر کام شروع کرے گی، ترکش ائیرلائن کا طیارہ مرمتی کام کے آخری مرحلے میں ہے، طیارہ آج رات اڑان بھرے گا۔ ترکش ائیر کے طیارے کے انجن سے پرندہ ٹکرانے پراسے عارضی طور پرگراونڈ کیا گیا تھا۔ سعودی ائیر کے طیارے پر سعودی عرب کے انجینئرز کام کررہے ہیں، سعودی ائیرکے طیارے کے انجن میں آگ کی وارننگ پر ایمرجنسی لینڈنگ کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق سعودی ائیر اور ٹرکش ائیر کے متاثرہ پروازوں کے مسافروں کو متبادل طیاروں کے ذریعے روانہ کیا جاچکا ہے۔

اگر آپ اس خبر کے بارے میں مزید معلومات حاصل کرنا چاہتے ہیں تو نیچے دیے گئے لنک پر کلک کریں۔

مزید تفصیل